حکومت پنجاب نے وال چاکنگ اور پوسٹر لگانے پر پابندی لگانے بارے حکمت عملی تیار کر لی ہے تاکہ شہر وں کی خوبصورتی کو اس وال چاکنگ اور پوسٹر سے داغدار نہ ہونے دیا جائے،اس سلسلے میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،چیف افسران، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو اس پر سختی سے عمل در آمد کا پابندکیا جا رہا ہے،پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کی رو سے یہ عمل ایک جرم ہے،خلاف ورزی کرنے والوں کو 2 ہزار روپے سے لے کر25 ہزارروپے تک جرمانہ اور 6ماہ قیدکی سزا دی جا سکے گی،صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ

پیر 20 مارچ 2017 16:24

لاہور۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے فوری طورپر وال چاکنگ اور پوسٹر لگانے پر پابندی لگانے بارے حکمت عملی تیار کر لی ہے تاکہ شہر وں کی خوبصورتی کو اس وال چاکنگ اور پوسٹر سے داغدار نہ ہونے دیا جائے۔اس سلسلے میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،چیف افسران، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو اس پر سختی سے عمل در آمد کا پابندکیا جا رہا ہے۔

پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کی رو سے یہ عمل ایک جرم ہے،خلاف ورزی کرنے والوں کو 2 ہزار روپے سے لے کر25 ہزارروپے تک جرمانہ اور 6ماہ قیدکی سزا دی جا سکے گی۔انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور فیلڈ پولیس فارمیشن کو بھی اس مہم میں شامل کیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار انھوں نے پیر کو اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات،ایڈیشنل سیکر ٹری بلدیات،پلاننگ آفیسر بلدیات بھی موجودتھے۔

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ صوبہ کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کروائیں تاکہ وال چاکنگ اور پوسٹر لگا کر شہروں کی خوبصورتی کو داغدار کرنے والے مافیا کے گرد سخت گھیرا ڈال کر ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ اس مہم کو وسیع پیمانے پر اجاگر کرنے کیلئے لوگوں کوشعور یافتہ کرنے کیلئے مقامی سطح پرالیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے آگاہی فراہم کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ شعور یافتہ قومیں ہمیشہ اپنی عکاسی اپنے بہتر عمل کے ذریعے کرتی ہیں مگر وال چاکنگ مافیا اپنی بے حسی اورخود غرضی کے ذریعے شہر ،گلی محلوں کی خوبصورتی کو داغدار کرنے کو اپنانصف ایمان بنائے ہوئے ہے، ایسے عناصر کسی معافی کے مستحق نہیںجبکہ لکھنے والے پینٹرز حضرات کو بھی کسی صورت معاف نہ کیا جائے گا۔