فوجی عدالتیں ہماری مجبوری ہیں ،ْقمر زمان کائرہ

امید ہے پارلیمانی کمیٹی انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریگی ،ْ سابق وزیر اطلاعات

پیر 20 مارچ 2017 16:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما قمر زمان کائزہ نے موجودہ حالات میں فوجی عدالتوں کو قومی مجبوری قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پارلیمانی کمیٹی اس سلسلے میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔ایک انٹرویو میں قمر زمان کائرہ نے کہاکہ اگرچہ فوج دہشت گردوں کے خلاف منظم انداز سے کارروائیاں کررہی ہے اور وہ اس طرح سے فوجی عدالتوں کے ذریعے ٹرائل نہیں چاہتی تاہم حکومتی قیادت میں غیر سنجیدگی نظر آتی ہے جس کی ایک واضح مثال نیشنل ایکشن پلان پر درست انداز میں عملدرآمد نہ ہونا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں پہلے دن سے فوجی عدالتوں پر تحفظات تھے کیونکہ حکومت جو بل لانا چاہتی تھی اس میں بے شمار ایسی خامیاں تھیں جن سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بدنامی کا سامنا ہوسکتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جیسا کہ حکومت نے فوجی عدالتوں کے حوالے سے ہماری تجاویز کو قبول کیا ہے تو ہم امید کرسکتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں اس پر بہتر انداز میں قانون سازی کا عمل شروع ہوجائیگا۔پی پی رہنما کے مطابق فوجی عدالتوں پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام سے ہمارے تحفظات کافی حد تک دور ہوچکے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کمیٹی ان عدالتوں کی کارکردگی کا مکمل جائزہ بھی لے گی۔

متعلقہ عنوان :