’’زیورِ تعلیم پروگرام ‘‘ کے تحت بے وسیلہ گھرانوں کی 4لاکھ 60ہزار سے زائد بچیاں زیورِ تعلیم سے آراستہ ہوں گی،رانا مشہود

پیر 20 مارچ 2017 17:24

’’زیورِ تعلیم پروگرام ‘‘ کے تحت بے وسیلہ گھرانوں کی 4لاکھ 60ہزار سے ..
لاہور۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ’’خادم پنجاب زیور ِ تعلیم پروگرام‘‘ سے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہوں گی۔ ’’زیور تعلیم پروگرام ‘‘کا مقصدانتہائی کم وسیلہ طبقات سے تعلق رکھنے والی بچیوں کو کوالٹی ایجوکیشن کے حصول کے قابل بنانا ہے ، یہ بات انہوں نے ماہرین تعلیم کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب حکومت نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، پنجاب کے سکولوں میں بچوں کی انرولمنٹ کی شرح 90فیصد تک پہنچ چکی ہے ،8برس کے دوران 2لاکھ 20ہزار اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے وژن کے مطابق رواں برس مزید 80ہزار اساتذہ کومیرٹ پر بھرتی کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ کر کے 83ہزار بچوں کو اینٹوں کے بھٹوں کی مزدوری سے نجات دلا کر سکولوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔

پنجاب حکومت ان بچوں کو ماہانہ وظیفہ، مفت یونیفارم ،جوتے اور کتابیں بھی فراہم کررہی ہے۔انہوںنے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی وائوچر سکیم کے تحت 25لاکھ طلبا ء و طالبات کو سکولوں میں داخل کرایاگیا ہے ۔ جنوبی پنجاب اور پسماندہ اضلاع میں دانش سکولز بنائے گئے ہیں ۔دانش سکولز میں انتہائی کم وسیلہ طبقات کے بچے اوربچیوں کو اعلی معیار کی تعلیم دی جاتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ صوبے میں اربوں روپے کی لاگت سے سکولوں میں اضافی کمرے بنائے جارہے ہیں۔ اسی طرح پنجاب کے 5ہزار ہائی سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی لیبز بنائی گئی ہیں جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کیے گئے ہیں ۔پنجاب حکومت دیہی اورشہری علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔