قتل، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث غلام مرتضیٰ عرف گاما گینگ کے چار ارکان گرفتار ،مال مسروقہ برآمد

پیر 20 مارچ 2017 21:19

گوجرانوالہ۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2017ء) پولیس نے قتل، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث غلام مرتضیٰ عرف گاما گینگ کے چار ارکان گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے دوران تفتیش 6لاکھ روپے نقدی ، 10موٹر سائیکل ایک ر ائفل اور تین پسٹل برآمد کئے ہیں ۔گرفتار کئے گئے ملزمان میں بہادر علی سکنہ لدھے والا وڑائچ، محمدوقاص سکنہ سٹی ہاؤسنگ سکیم ، غلام مرتضیٰ سکنہ کلر آبادی اور طیب سکنہ پیپلز کالونی شامل ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس ایچ او تھانہ باغبانپورہ چودھری بدر منیر گل کو خفیہ اطلاع ملی کہ نامعلوم مسلح ملزمان مدنی پارک ،صغیر پارک کے قریب بیٹھے ہیں اور واردات کی پلاننگ کر رہے ہیں ۔اطلاع ملنے پر خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ریڈکیا گیا اور ملزمان کو زیر حراست لے کر ابتدائی تفتیش عمل میں لائی گئی ۔

(جاری ہے)

دوران تلاشی ملزمان کے قبضہ سے ایک رائفل اور تین پسٹل برآمد ہوئے ۔

ملزمان نے مزید ا نکشاف کیا کہ وہ درجنوں سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں ۔سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے ملزمان نے تفتیشی ٹیم کو بتلایا کہ ا نہوں نے یکم فروری کوگلہ طارق نمکو والا ڈسپوزل روڈ تھانہ پیپلز کالونی میں دوران واردات مسمی خالد جاوید اور محمد وقاص کو مزاحمت پر فائرنگ کر مضروب کیا اور سترہ ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے ۔ مسمی خالدجاوید ہسپتال لے جاتے ہوئے انتقال کر گیا ۔

انہی ملزمان نے سال 2014میںتھانہ کھیالی کے علاقہ میں دوران مزاحمت نوشہرہ روڈ کے قریب مسمی امجد شیخ کو قتل کیااور قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو گئے۔دوران تفتیش معلوم ہوا کہ اس خطرناک گینگ کے تین ارکان محمد ارشد، محمد سہیل اور محمد طیب تھانہ باغبانپورہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر سنٹرل جیل بند ہیں ۔ملزمان نے کھیالی ، اروپ ،گرجاکھ اور باغبانپورہ کے علاقے میںموٹر سائیکل چھیننے اور دوران واردات مزاحمت پر متعدد ا شخاص کو فائرنگ کر کے مضروب کرنے کا اعتراف کیا۔

ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ خطرناک ملزمان کی گرفتاری سے علاقے میں کرائم کا گراف کم ہوا اور گروہ کے ارکان کی گرفتاری پر علاقے کے مکینوں نے تھانہ باغبانپورہ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا جب کہ ایس ایس پی آپریشنز محمد ندیم کھوکھر اور ایس پی سٹی طارق محمود نے ایس ایچ او باغبانپورہ چودھری بدر منیر گل اور ان کی ٹیم کو شاباش دی ۔

متعلقہ عنوان :