پاکستان کے دفتر خارجہ نے جنوبی سوڈان میں باغیوں کی جانب سے پاکستانی انجینئر کے اغوا کے معاملے کا نوٹس لے لیا

دفتر خارجہ جنوبی سوڈان میں پاکستانی انجینئر کے اغوا کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کی تحقیقات کررہا ہے ،ْنفیس زکریا

پیر 20 مارچ 2017 21:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2017ء) پاکستان کے دفتر خارجہ نے جنوبی سوڈان میں باغیوں کی جانب سے پاکستانی انجینئر کے اغوا کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بتایا کہ دفتر خارجہ جنوبی سوڈان میں پاکستانی انجینئر کے اغوا کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کی تحقیقات کررہا ہے۔نفیس زکریا نے بتایا کہ ہمیں سوڈان میں پاکستانی انجینئر کے مبینہ اغوا کے بارے میں بتایا گیا ہے اور اس حوالے سے فی الحال ہمارے پاس زیادہ معلومات نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جنوبی سوڈان میں ہمارا سفارتی مشن موجود نہیں اور ایتھوپیا میں موجود پاکستانی سفارتخانہ اس معاملے میں جنوبی سوڈان کی حکومت سے رابطے میں ہے جو ہمیں اس واقعے کی مزید تفصیلات فراہم کرے گا۔علاوہ ازیں برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی سوڈان کے باغیوں نے پیر کے روز اس بات کا اعلان کیا کہ انہوں نے پاکستانی شہری سمیت چار آئل ورکرز کو اغواء کیا۔انہوں نے بتایا کہ اغواء کا مقصد چینی و ملائیشین کمپنی کے کنسورشیم کو جنوبی سوڈان سے نکلنے پر مجبور کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :