سٹیزن فیڈ بیک پروگرام حکومت پنجاب کا اہم اقدام ہے،سقراط امان رانا

منگل 21 مارچ 2017 12:44

رحیم یار خان۔21 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ سٹیزن فیڈ بیک پروگرام حکومت پنجاب کا اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے ، عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنے اور سروسز معیار کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے کا اہم اقدام ہے جس کی اہمیت اور افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

ضلعی سٹیزن فیڈ بیک کمیٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ہم نے یہ تہیہ کر کے جانا ہے کہ ہم اپنے اداروں سے کرپشن، لاپرواہی، اقرباء پروری اور بد نظمی کا خاتمہ کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم ہیں اور ہم نے مل کر اپنے ضلع سے کرپشن، بد انتظامی کا خاتمہ کرنا ہے اور مجھے قوی امید ہے کہ عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنے اور انہیں کرپشن سے پاک معیاری سروسز میرٹ پر فراہم کرنے میں میرا بھر پور ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں میں عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کا محاسبہ کریں اور ان کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کریں تاکہ کسی کو بھی اپنے فرائض سے بد دیانتی کرنے کی ہمت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سٹیزن فیڈ بیک کے بہتر نتائج کے حصول کے لئے سائلین، مریض و دیگر حکومتی سروسز حاصل کرنے والے افراد کا حقائق پر مبنی ڈیٹا مرتب کریں اور ہر محکمہ کا افسر از خود بھی حکومتی اداروں سے سروسز حاصل کرنیوالے افراد سے رابطہ کر کے ان کا فیڈ بیک حاصل کرے ۔

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے افسران پر لازم ہے کہ وہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے حقائق پر مبنی انکوائری کریں اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کے تعاون سے ہم نے سروسز معیار کو بہتر کرتے ہوئے ضلع رحیم یار خان کو پنجاب کے پہلے نمبر پر لانا ہے ۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز ڈاکٹر عدنان خان بھٹانی، عباس رضا ناصر، ریاست علی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی، ٹی ایچ کیو اور آر ایچ سی ، ایل آر ایم آئی ایس، ریسکیو1122، ڈومیسائل سمیت دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

اجلاس میں محکمہ صحت، ریونیو، ریسکیو1122، لینڈ ریکارڈ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم، ڈومیسائل، پراپرٹی رجسٹریشن سمیت دیگر اداروں کے افسران موجو دتھے۔

متعلقہ عنوان :