پاکستان کا نمبر ون پولو کھلاڑی بن کر ملک کا نام روشن کر سکتا ہوں،حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، عون رضوی

منگل 21 مارچ 2017 13:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) پولو کے جونیئر کھلاڑی عون رضوی نے کہا ہے کہ حوصلہ افزائی کی جائے تو پاکستان کا نمبر ون پولو کھلاڑی بن کر ملک کا نام روشن کر سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پولو برصغیر کا کھیل ہے اور اس کھیل کو دوبارہ عروج پر آنا چاہے، گھوڑ سواری کے کھیل کا انعقاد سکول اور کالجز کی سطح پر بھی ہونا چاہئے جس سے نئے چہرے سامنے آکر ملک و قوم کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ اور پاکستان کے سب سے بڑے پولو ایونٹ نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2017ء میں جونیئر کٹیگری میں سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والے عون رضوی کا کہنا تھا کہ ارجنٹائن میں 15 سال کی عمر میں پولو کے بہترین کھلاڑی بن جاتے ہیں اور ہمارے ملک میں بھی حکومت اور سپانسر کو اس کھیل پر توجہ دینی چاہئے جس سے عام بچہ بھی اس مہنگے کھیل میں حصہ لے سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت اچھے لیول کی پولو کھیلی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے پولو ایونٹ نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2017ء میں جونیئر کٹیگری میں سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنا میرے لئے ایک بڑا اعزاز ہے اور انہوں نے کہا کہ اس نی11 سال کی عمر میں پولو کھیلنا شروع کی اور پولوکے شوق کی خاطر دنیا بھر میں کئی ممالک میں پولو سیکھنے گیا۔

ارجنٹائن کے کوچز سے اس نے پولو کی تربیت حاصل کی اور اس سال کئی اہم ٹورنامنٹس میں حصہ لے کر کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد طالب رضوی بھی اس سلسلہ میں میری کافی رہنمائی کرتے ہیں اور میری بھی خواہش ہے کہ میں حسام علی حیدر، حمزہ مواز خان اور ثاقب خاکوانی کی طرح دنیا بھر پاکستان کا نام روشن کروں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں کمبیاسو مجھے بہت پسند ہے اور میری خواہش ان جیسا بننے کی کوشش کروں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کلب میں بھی پولو بہت اچھے لیول پر کھیلی جاتی ہے اور امید ہے کہ میری طرح کے نوجوان کھلاڑ ی آنے والے چند سالوں میں پولو کھیل کر دنیا بھر میں ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑی ورلڈکپ کوالیفائنگ رائونڈ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :