پولو میں حسام علی حیدر کی طرح نام کمانے کی خواہش ہے ،عون رضوی

منگل 21 مارچ 2017 19:29

پولو میں حسام علی حیدر کی طرح نام کمانے کی خواہش ہے ،عون رضوی
لاہور۔21 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2017ء) پاکستان کے سب سے بڑے پولو ایونٹ نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2017ء میں جونیئر کیٹیگری میں سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنیوالے کھلاڑی عون رضوی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کا نمبر ون کھلاڑی بننا چاہتا ہے۔ 15 سالہ عون رضوی نے 11 سال کی عمر میں پولو کھیلنا شروع کی اورپولوکے شوق کی خاطر دنیا بھر میں کئی ممالک میں پولو سیکھنے گئے۔

ارجنٹائن کے کوچز سے پولو کی ٹریننگ لی اور اس سال کئی اہم ٹورنامنٹس میں حصہ لیا اور جیتے بھی، خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عون رضوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت اچھے لیول کی پولو کھیلی جاتی ہے۔ نیشنل اوپن کا فائنل ایک مثال ہے۔ میرے والد طالب رضوی کو بہت شوق ہے کہ میں پولو میں آگے بڑھوں، میری بھی خواہش ہے کہ میں حسام علی حیدر، حمزہ مواز خان اور ثاقب خاکوانی کی طرح پاکستان اور دنیا بھر میں نام کما سکوں، یہ تمام پاکستانی کھلاڑی دنیا بھر میں کھیلتے ہیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں مجھے کمبیاسو بہت پسند ہے اور میری خواہش ان جیسا بننے کی ہے۔ 15 سال کی عمر میں گھوڑے سے بالکل ڈر نہیں لگتا بلکہ گھوڑے سے پیار کرتا ہوں۔ پولو کے کھیل کو پاکستان بھر میں بہت فروغ ملنا چاہئے۔ مجھے امید ہے کہ میری طرح کے نوجوان کھلاڑ ی آنے والے چند سالوں میں پاکستان پولو میں اہم ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس سال ورلڈکپ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی ورلڈکپ کوالیفائنگ رائونڈ جیتے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :