سعودی پولیس نے بغیر اجازت ڈانس پارٹیاں کر نے والے بعض پاکستانی خواجہ سرائوں کو گرفتار کیا تھا ،ان میں سے ایک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا‘ اس کی میڈیکل رپورٹ منگوا رہے ہیں

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا سینیٹ میں سینیٹر فرحت اللہ بابر کے اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملے کا جواب

منگل 21 مارچ 2017 21:25

سعودی پولیس نے بغیر اجازت ڈانس پارٹیاں کر نے والے بعض پاکستانی خواجہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سعودی پولیس نے بعض پاکستانی خواجہ سرائوں کو گرفتار کیا تھا جو بغیر اجازت ڈانس پارٹیاں کرتے تھے ، غیر قانونی طور پر مقیم ایک پاکستانی خواجہ سرا دوران حراست دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا‘ اس کی میڈیکل رپورٹ منگوا رہے ہیں تاکہ ہلاکت کی وجہ کی تصدیق ہو سکے۔

منگل کو ایوان بالا میں 12 مارچ 2017ء کے اجلاس میں سینیٹر فرحت اللہ بابر کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملے کا جواب دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے بتایا کہ سعودی پولیس نے بعض خواجہ سرائوں کو گرفتار کیا تھا جو بغیر اجازت ڈانس پارٹیاں کرتے تھے۔ 35 پاکستانیوں کو وہاں گرفتار کیا گیا جن میں سے کچھ خواجہ سرا تھے۔

(جاری ہے)

ہمارا سفارتی عملہ ان سے ملا۔

29 کو رہا کردیا گیا۔ پانچ کو جیل بھجوا دیا گیا۔ ایک خواجہ سرا جو کئی سالوں سے غیر قانونی طور پر وہاں مقیم تھا اور دل کا مریض تھا اس کا وہاں دل کی بیماری سے انتقال ہوگیا جس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اس کی نعش منگوالی گئی ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ کیا اس کی دوران حراست موت پر احتجاج کیا گیا۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ اس کی میڈیکل رپورٹ منگوائی گئی ہے وہ غیر قانونی طور پر وہاں مقیم تھا اور غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھا۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اس معاملہ کو خارجہ امور کمیٹی کو بھجوایا جائے۔ چیئرمین نے کہا کہ میں اس معاملے کو کمیٹی کو نہیں بھیجوں گا۔ کمیٹی خود جائزہ لے سکتی ہے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ مشیر خارجہ کا بیان غیر تسلی بخش ہے۔(اچ)