حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات سی2018 ء تک سو فیصد انرولمنٹ کی راہ ہموار ہوئی ہے پنجاب کی تعلیمی اصلاحات پورے ایشیاء کیلئے قابل تقلید ہیں، ہمارا فروغ تعلیم پروگرام دنیا بھر میں سراہا گیا ہے،

فروغ تعلیم سے بے روزگار ی، انتہا پسندی ،عدم برداشت پر موثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہوداحمد کامحکمانہ اجلاس سے خطاب

منگل 21 مارچ 2017 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہوداحمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات سی2018ء تک سو فیصد انرولمنٹ کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ہماری تعلیمی اصلاحات پورے ایشیاء کے لئے قابل تقلید مثال ہیں۔ ہم نے بین الاقوامی شراکت کے ذریعے فروغ تعلیم میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیںاور صوبہ پنجاب کا فروغ تعلیم پروگرام دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔

وہ منگل کوڈیپارٹمنٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں منعقدہ محکمانہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے بجٹ میں 2008ء سے لے کر اب تک 379 گنا اضافہ ہوا ہے۔ہم نے فروغ تعلیم کو اولین ترجیح دے رکھی ہے کیونکہ تعلیم عام کر کے بے روزگار ی، انتہا پسندی اور عدم برداشت پر موثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پرائمری سکولوں میں 10ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اساتذہ بھی بھرتی کیے جا رہے ہیں۔اسی طرح کمسن بچوں کو خوشگوار موحول میں تعلیم مہیا کرنے کے لئے 1225پرائمری سکولوں میں ابتدائے بچپن کی تعلیم کے مراکز قائم کر دئیے گئے ہیں۔دوسری جانب 52ہزار سے زائد سکولوں کی فیلڈ مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ انکی تنخواہوں اور سکیلوں میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے اور سکول ایجوکیشن میں نجی شعبے کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی ہے جس کے تحت پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کے توسط سے پارٹنر سکولوں میں 25لاکھ مستحق طلبا و طالبات کو مفت تعلیم کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔اس حوالے سے یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ فروغ تعلیم کے عمل میں مذہبی اقلیتوں کے بچوں کی تعلیم کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ پچھتر ہزار سے زائد ذہین مگر ضرورت مند طالبعلموںکے تعلیمی اخراجات حکومت اد ا کر رہی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ پنجاب کا کوئی بچہ غربت کی بنا پر تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ کیونکہ تعلیم وہ روشنی ہے جو انسانوں کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کو جلا بخشتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ صوبہ پنجاب کی تعلیمی اصلاحات کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔