پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ اسکینڈل

چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کا بیک ڈور چینل کام کرگیا وزیرداخلہ نے پس پردہ بااثرشخصیت کے دبائو پر ایف آئی اے کوپی سی بی کی باہمی مشاورت سے تحقیقات آگے بڑھانے کا حکم دے دیا

منگل 21 مارچ 2017 23:22

پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ اسکینڈل
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مارچ2017ء) پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ اسکینڈل ،چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کا بیک ڈور چینل کام کرگیا،وزیرداخلہ نے پس پردہ بااثرشخصیت کے دبائو پر ایف آئی اے کوپی سی بی کی باہمی مشاورت سے تحقیقات آگے بڑھانے کا حکم دے دیا،ایف آئی اے کی جانب سے نامزد کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر کھلاڑیوںاورآفیشلز کو شامل تفتیش کرنے کے پیش نظر گزشتہ روز چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے کو اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے بکیز کے خلاف کاروائی کرنے کامشورہ دیتے ہوئے کھلاڑیوں کے معاملات پاکستان کرکٹ بورڈتک رکھنے کا کہا تھا، ذرائع کے مطابق چیرمین پی ایس ایل گزشتہ کئی روز سے بیک ڈور چینل کے ذریعے اعلی حکام کو قائل کرنے میں مصروف عمل تھے کہ ایف آئی اے کو کھلاڑیوں کے خلاف کاروائی کرنے سے روکا جائے ،کرکٹ کے معاملات پی سی بی خود سنبھال لے گا تاہم ایف آئی اے بکیز کے خلاف کام کرے،تاہم منگل کے روز وزیر داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان نے نجم سیٹھی کی پریشانی تو کم کردی مگر کئی سولات کو جنم دے دیا،گزشتہ روز وزیر داخلہ کی جانب سے سپاٹ فکسنگ کیس کے حوالے سے متضاد خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے بیان جاری کیا گیاجس میں پی سی بی اور ایف آئی اے کو باہمی مشاورت اور معاونت سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ یہ تاثر قطعی طور پر نہیں ہونا چاہیے کہ دونوں اداروں میں کوئی اختلاف ہے یا دونوں مختلف سمت میں کام کر رہے ہیں تاہم اس سے جہاں ایک طرف جگ ہنسائی ہوگی وہاں دوسری طرف کیس کی تفتیش پر منفی اثر پڑ سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ پی سی بی کہے یا نہ کہے ایف آئی اے کو کرپشن کے معاملات میں تحقیقات کا پورا اختیار ہے مگر اس کے باوجود ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی سی بی سے ملکر کام کرے،دونوں اداروں کی باہمی مشاورت اور معاونت کے سلسلے میں آج لاہور میں میٹنگ کر کے ایک مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے اور سپاٹ فکسنگ کیس کی تفتیش کو ملکر آگے بڑھایا جائے،وزارت داخلہ اور چیرمین پی ایس ایل کے اس گٹھ جوڑ پر پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے میچ فکسنگ کی تحقیقات پر اصرار مضحکہ خیز ہے، پاکستان میں ایک "الیکشن فکسرمیچ فکسنگ کی تحقیقات کرنا چاہتا ہے،نجم سیٹھی واقعی تحقیقات چاہتے ہیں تو خود کو اس سے دور رکھیں،خواہشات کی بنیاد پر معاملات چلانے کی ضد کرکٹ کا جنازہ نکال دے گی،واضح رہے کہ چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے گزشتہ روز ایف آئی اے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ ایف آئی اے کھلاڑیوں کے بجائے بکیز کے خلاف کاروائی کرے تو بہتر ہے ،ذرائع نے بتایا ہے کہ نامزد کھلاڑیوں کے علاوہ درجن سے زائد کھلاڑی و آفیشلز کو بھی شامل تفتیش کرنے کے اقدامات پر پاکستان کرکٹ بورڈ میں تشویش پائی جارہی تھی ،کراچی کنگز کے عہدیدار و سابق مایہ ناز وکٹ کیپر راشد لطیف نے پی ایس ایل کی دوبئی سے پاکستان واپسی پر اپنے ایک بیان میں پی ایس ایل کو سٹہ لیگ کہتے ہوئے مٹھی بند رکھنے کا عندیہ بھی دیا تھا جس کے بعد میڈیا میںاس حوالے سے کافی چہ میگوئیاں بھی ہوتی رہیں،ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سمیت کھلاڑیوں و سینیئر آفیشلز میں ایف آئی اے کی کاروائیوںپر شدید اضطراب پایا جارہا تھا جس پر نجم سیٹھی نے بیک ڈور چینل استعمال کرتے ہوئے سب سنبھالنے کی یقین دہانی بھی کروادی ہے۔