حکومت توہین رسالتؐ کے مجرموں کی سرپرستی کررہی ہے ، میں نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے بل میں تین ترامیم پیش کی تھیں جو مسترد کر دی گئیں ، آج اپوزیشن کا راگ الاپنے والی سیاسی جماعتوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا

عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 21 مارچ 2017 22:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2017ء) عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ حکومت توہین رسالتؐ کے مجرموں کی سرپرستی کررہی ہے ، میں نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے بل میں تین ترامیم پیش کی تھیں جو مسترد کر دی گئیں ، آج اپوزیشن کا راگ الاپنے والی سیاسی جماعتوں کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ، پیپلزپارٹی ، پی ٹی آئی سمیت سب حکومت کے پیچھے کھڑے ہو گئے ،جے یوآئی (ف) اور جماعت اسلامی نے اپنی تجاویز مسترد ہونے کے باوجود بل کی حمایت کی ، آج ان کی منافقت کا پردہ چاک ہوگیا ،پارلیمنٹ یہودی ایجنڈے پر کام کررہی ہے ، فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے بل میں دہشت گردوں کے مالی مددگاروں کو سہولت دی گئی ۔

وہ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج پارلیمنٹ میں پھر سے مک مکا ہوگیا ، عمران خان اور پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن کے بڑے بڑے دعویدار آج نوازشریف کے پیچھے کھڑے ہو گئے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے آج تین ترامیم پیش کی تھیں جن میں توہین رسالتؐ کے مجرموں ، قوم کا پیسہ لوٹنے والوں اور ملکی سلامتی کے خلاف کام کرنے والوں کو پھانسی پر لٹکانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم میری تینوں ترامیم مسترد کر دی گئیں ،ثابت ہوا کہ حکومت توہین رسالتؐ کے مجرموں کی پشت پناہی کررہی ہے ،اگر توہین رسالتؐ کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بجھوائے جائیں تو دہشت گردی ختم ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ یہودی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ، جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی مذہب کے نام پر ڈرامے بازی کرتی ہے ، آج ان دونوں جماعتوں کا کچا چٹھا کھل گیا ہے ،دونوں جماعتوں کی ترامیم مسترد ہوئیں پھر بھی انہوں نے بل کی حمایت میں ووٹ دیا ، آج شیخ رشید کو بھی کہا کہ آپ نے بھی نوازشریف کے ساتھ مک مکا کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردوں کے سہولت کار بچ گئے تو ملٹری کورٹس کا کیا فائدہ ، اس بل میں دہشت گردوں کے مالی مددگاروں کو بچایا گیا ۔(ار+ن م)