سپاٹ فکسنگ سکینڈل ،پرسوں سے سماعت کا آغازہوگا ،کھلاڑیوں کو نوٹس جاری

بدھ 22 مارچ 2017 12:09

سپاٹ فکسنگ سکینڈل ،پرسوں سے سماعت کا آغازہوگا ،کھلاڑیوں کو نوٹس جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)2017 میں اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طورپر ملوث کھلاڑیوں کے خلاف سماعت کا آغاز پرسوں 24مارچ سے ہوگا اس سلسلے میں تشکیل کردہ ٹریبیونل نے کھلاڑیوں کو نوٹس جاری کردئیے پی سی بی کے حکام کے مطابق تین رکنی ٹریبیول نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں 24 مارچ کو صبح 11 بجے سے ابتدائی سماعت کا آغاز کرے گا۔

تین رکنی ٹریبیونل کی سربراہی سابق جسٹس اصغر حیدر کررہے ہیں ،ْ اراکین میں پی سی بی کے سابق چیئرمین توقیر ضیا اور قومی ٹیم کے سابق کپتان و منیجر وسیم باری شامل ہیں۔قبل ازیں اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بنائے گئے ٹریبونل کے اراکین نے تفتیش کا حصہ بننے کی رضامندی ظاہر کردی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے جسٹس ریٹائرڈ اصغر حیدر کی زیر سربراہی ایک ٹریبونل قائم کیا تھا جس میں سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ توقیر ضیا اور سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم باری بھی شامل ہیں۔

ٹریبونل کے اراکین کو تعیناتی کا اعلامیہ گزشتہ ہفتے اس وقت ارسال کیے گئے تھے جب خالد لطیف اور شرجیل خان نے پی سی بی کو مطلع کیا تھا کہ وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔17 مارچ کو ٹریبونل کے اراکین نے تفتیشی عمل کا حصہ بننے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی تھی جس کے بعد اب ٹریبونل کارروائی کا آغاز کریگا۔