ْانٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ہانگ کانگ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان کو واک اوور دے دیا

بدھ 22 مارچ 2017 12:53

ْانٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ہانگ کانگ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے ہانگ کانگ کے خلاف ڈیووس کپ ٹائی میں پاکستان کو واک اوور دے دیا اور ٹائی میں پاکستان بلا مقابلہ فائنل میں پہنچ گیا۔ پاکستان کا ڈیوس کپ ٹائی کا فائنل رواں سال ستمبر میں فلپائن اور تھائی لینڈ میں سے فاتح ٹیم سے ہوگا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری محمد خالد رحمانی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ہانگ کانگ نے پاکستان میں سیکورٹی وجوہات کی بناء پر آئندہ ماہ پاکستان کے خلاف ہونے والی ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت سے انکار کر دیا اور اس حوالے سے انہوں نے آئی ٹی ایف کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا کہ وہ سیکورٹی کی وجہ سے پاکستان کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت نہیں کریں گے جس کی وجہ سے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ہانگ کانگ کے خلاف ٹائی میں پاکستان کو واک اوور دے کر سیمی فائنل میں فاتحہ قرار دیا اور پاکستان نے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

(جاری ہے)

محمد خالد رحمانی نے کہا کہ ہانگ کانگ نے اس سے قبل آئی ٹی ایف کو مراسلہ بھجوایا تھا کہ وہ سیکورٹی کی وجہ سے ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت نہیں کرسکتے اور ہمیں کسی اور متبادل ملک میں ٹائی کھیلنے کی اجازت دے تاہم انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ان کی اپیل کو مسترد کیا اور کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے سازگار ملک ہے۔ محمد خالد رحمانی نے کہا کہ ایران کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی ایشیاء اوشیانا گروپ ٹو کا پہلا مرحلہ پاکستان میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے ایران کے خلاف 2-1 سے کامیابی حاصل کی۔

ایران کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن آئی ٹی ایف کے ریفری نے بھی پاکستان میں سیکورٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا اور ایران نے بھی پاکستان میں سیکورٹی انتظامات کو سراہا تھا کہ یہاں پر سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور ہم آئندہ بھی پاکستان کھیلنے کیلئے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے ڈیوس کپ ٹائی میں فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اور وہ رواں سال ستمبر میں فلپائن اور تھائی لینڈ کی ٹیموں میں سے فاتح ٹیم پاکستان کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی گروپ ایشیاء اوشیانا کا فائنل کھیلے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی مقابلے بحال ہو چکے ہیں، پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد دیگر سپورٹس کے مقابلے بھی بحال ہو چکے ہیں۔ خالد رحمانی نے کہا کہ پاکستان میں ہانگ کانگ کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں گزشتہ روز شروع کیا تھا تاہم ہانگ کانگ کے خلاف واک اوور ملنے کی صورت میں فیڈریشن نے وہاں پر تربیتی کیمپ کو ختم کر دیا۔

متعلقہ عنوان :