آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان کل بھرپورقومی جذبے سے منایا جائیگا

تمام انتظامات مکمل ،ْوفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ ایونیو میں روایتی فوجی پریڈ ہوگی پریڈ میں چین، سعودی عرب اور ترک فوج کے دستے بھی شرکت کریں گے ،ْ جنوبی افریقہ کی فوج کے سربراہ بھی مہمانوں میں شامل ہوں گے

بدھ 22 مارچ 2017 12:57

آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان کل بھرپورقومی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم پاکستان کل جمعرات کو بھرپورقومی جذبے سے منایا جائیگا اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ،ْوفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ ایونیو میں روایتی فوجی پریڈ ہوگی ،ْ پریڈ میں چین، سعودی عرب اور ترک فوج کے دستے بھی شرکت کریں گے جنوبی افریقہ کی فوج کے سربراہ بھی مہمانوں میں شامل ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر روایتی پریڈ کا انعقاد وفاقی دارالحکومت کے پریڈ ایونیو میں کیا جا ئے گا، تقریب میں صدر، وزیراعظم، جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت وفاقی وزرا، اعلی فوجی اور سول حکام شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 ،ْ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے کیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کے مطابق اس بار یوم پاکستان کی پریڈ اس لئے بھی خاص ہوگی کہ عظیم دوست ملک چین کی پیپلزلیبریشن آرمی کی تینوں مسلح افواج ،ْسعودی اسپیشل فورسز کا دستہ اور ترکی کا ملٹری بینڈ ترانوں پر سر بکھیریگا۔یوم پاکستان کی پریڈ کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ،ْ جہاں پاک فضائیہ کے طیارے شاندار فلائی پاسٹ کریں گے وہیں مسلح افواج کے مختلف دستے پریڈ پیش کریں گے۔

مسلح افواج میں شامل ہونے والے جدید ترین فوجی سازو سامان، نئے میزائل اور دفاعی آلات کی نمائش ہوگی ،ْفوجی پریڈ کی تیاریوں کیلئے شاہراہوں کی آرائش شروع کی جاچکی ہے۔پریڈ کے بعد ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس اور پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے جائیں گے۔