امام کعبہ سمیت عالمی راہنمائوں کا کشمیریوں کی حمایت کیلئے آواز اٹھانا خوش آئندہے،عبدالرشید ترابی نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کروایا‘جماعت اسلامی آزاد کشمیر

بدھ 22 مارچ 2017 16:08

مظفرآباد،باغ،میرپور،کوٹلی،بھمبر،راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امراء اضلاع نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ امام کعبہ سمیت عالمی راہنمائوں کی طرف سے کشمیریوں کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے رابطہ عالم اسلامی اور سعودی حکومت کی دعوت پرمکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے نمائندگان کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کیا اور عالمی قائدین نے کشمیریوں کے مبنی برحق موقف کی حمایت کی ہے جس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں ان خیالات کااظہار امیر جماعت اسلامی ضلع مظفر آباد قاضی شاہد حمید ایڈووکیٹ،امیرجماعت اسلامی ضلع باغ ،نثار احمدشائق امیر جماعت اسلامی میرپور مولانا عتیق الرحمان،امیر جماعت اسلامی کوٹلی حبیب الرحمان آفاقی ایڈووکیٹ،امیر جماعت اسلامی بھمبر امجد یوسف ،امیر جماعت اسلامی ضلع پونچھ زاہد رفیق ایڈووکیٹ ،امیر جماعت اسلامی سدہنوتی قیصر نعیم ،امیر جماعت اسلامی ضلع نیلم ممتاز پائر امیر جماعت اسلامی جہلم ویلی پروفیسر شوکت علی خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ،جماعت اسلامی کے امراء اضلاع نے کہا کہ عبدالرشید ترابی نے مسئلہ کشمیر کو عرب ممالک ،یورپی ممالک اور افریقی ممالک میں بھرپور انداز سے اجاگر کیا ہے مظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اور ہر کونے تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردارادا کیا ہے اہل کشمیر عبدالرشید ترابی کے اس کردار کی تحسین کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ا س وقت دنیا میں فلش پوائنٹ ہے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر ان موافق عالمی حالات سے استفادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور سفارتی مہم کا اہتمام کرے۔