حکومت پنجاب کسانوں اور کاشتکاروں کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات کررہی ہے، ضلع اٹک کے کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل اور ہرممکن سہولت فراہم کی جائے گی،صوبائی وزیر زراعت محمد نعیم اختر خان بھابھہ کاڈی سی آفس اٹک میں ایک اہم اجلاس سے خطاب

بدھ 22 مارچ 2017 17:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) صوبائی وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسانوں اور کاشتکاروں کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات کررہی ہے اور اس ضمن میں بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی ملک شاویز خان ، ملک ظفر اقبال ، ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات ،چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ، سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) سلیم شہزادکے علاوہ یونین کونسل کے چیئرمین ، کاشتکاروں اور کسانوں کے علاوہ متعلقہ افسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت کو ضلع اٹک میں کسانوں اور کاشتکاروں کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع اٹک میں ای کریڈٹ سکیم کے تحت اب تک دو ہزار آٹھ سو چودہ کسانوں کی رجسٹریشن ہوچکی ہے ۔ اس کے علاوہ مجموعی طور پر ضلع اٹک پندرہ ہزار نوسو چھتیس کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جاچکا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا کہ پاکستانی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے اور حکومت پنجاب اس حقیقت سے پوری طرح آگاہ ہے ۔

اسی لیے کسانوں اور کاشتکاروں کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات عمل میں لارہی ہے۔ جو انقلابی اقدامات حکومت پنجاب نے کیے ان میں سو ارب روپے کے بلا سود قرضے ،سو ارب روپے کے کسان پیکج کا اعلان اس کے علاوہ کھادوں پر سبسڈی، کسان کارڈ کا اجراء ،سمارٹ موبائل کی فراہمی اور اس کے ذریعے آگاہی کی مہم کے علاوہ دیگر کئی انقلابی اقدامات شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلا سود قرضوں کی فراہمی کے ذریعے شرعی خدمت کو شعار بنایا جارہا ہے۔اس کے علاوہ محکمہ زراعت میں جو کمی موجود ہے اس کو دور کیا جارہا ہے ۔ کسانوں اور کاشتکاروں کے لیے جدید ترین مشینری خریدی جارہی ہے اور انہیں کاشتکاری کے جدید طریقوں سے روشنا س کرایا جارہا ہے۔ گندم کا بیج مفت فراہم کیا جارہا ہے اور بہتر کاشت کے لیے ڈرپ ایریگیشن کا نظام بھی وضع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں اور کاشتکاروں کی سہولت کے لیے جدید ترین سولر ٹیوب ویل فراہم کیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی پر چلنے والے ٹیوب ویلوں کے بجلی کے بلوں میں فی یونٹ کے حساب سے کمی لائی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کسان کمشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں مکمل لائحہ عمل مرتب کرکے کسانوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر زراعت محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا کہ کسان کمیشن کی نگرانی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کریں گے اور انہیں کسانوں کی بہتری کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا جائے گا۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ضلع اٹک کے کسانوں اور کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں موجود کسانوں اور کاشتکاروں نے صوبائی وزیر زراعت کو ضلع میں جاری زرعی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں ۔صوبائی وزیر نے انہیں یقین دھانی کروائی کہ ان کے تمام مسائل ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملک کر حل کیے جائیںگے۔

متعلقہ عنوان :