ایدھی سینٹر ڈکیتی کیس،ملزم جاوید اختر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں سٹی کورٹ پولیس کو آگاہ کر دیا ہے،فیصل ایدھی کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 22 مارچ 2017 17:32

ایدھی سینٹر ڈکیتی کیس،ملزم جاوید اختر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) کراچی کی مقامی عدالت نے ایدھی سینٹر ڈکیتی کیس میں ملزم جاوید اختر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 8اپریل تک کیلئے ملتوی کردی ہے ۔بدھ کو کراچی کی مقامی عدالت میں 15 کروڑ کی ڈکیتی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں فیصل ایدھی پیش ہوئے۔دوران سماعت فیصل ایدھی کے وکیل نعیم قریشی کا کہنا تھا کہ فیصل ایدھی کو ملزمان کی جانب سے جان سے مارنے اور سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے وکیل کا موقف سنتے ہوئے مفرور ملزم جاوید اختر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 8 اپریل تک سماعت ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں سٹی کورٹ پولیس کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔واضح رہے کہ اس مقدمے میں نامزد ملزم جام اجمل جیل میں ہے اور باقی دیگر ملزمان نے ضمانت لے رکھی ہے۔ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد عائد کی جائے گی۔ ملزمان کے خلاف 2014 میں کھارادر تھانے میں ڈکیتی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔