سندھ ہائیکورٹ ،ایس ایم لاکالج کے طلبہ نے جامعہ کراچی انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

بدھ 22 مارچ 2017 17:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) سندھ ہائی کورٹ میں ایس ایم لاکالج کے طلبہ کا امتحان لینے کے لئے اقدامات نہ کرنے پر جامعہ کراچی کی انتظامیہ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں جامعہ کراچی کی انتظامیہ کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت نے تمام طلبہ کا امتحان لینے کا حکم دیتے ہوئے ایڈمٹ کارڈز جاری کرنے کا حکم دیا لیکن اب تک جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے طلبہ کے پرچے لینے کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے حالانکہ ہفتہ سے ایل ایل بی کے امتحانات شروع ہورہے ہیں۔

دائر درخواست میں جامعہ کراچی کی انتظامیہ کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر عدالت سے انتظامیہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ایس ایم لا کالج کے طلبہ نے 40 سے 50 نمبر لینے والے طلبہ کو فیل قرار دینے اور انہیں امتحانات میں شامل کی اجازت نہ دینے پر جامعہ کراچی کی امتحانی پالیسی کے دہرے معیار کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلہ میں جامعہ کراچی کی انتظامیہ کو تمام طلبہ کو امتحانات میں بٹھانے کا حکم دیتے ہوئے ایڈمٹ کارڈز جاری کرنے کاحکم دیا تھا