حکومت پنجاب کسانوں اور کاشتکاروں کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے، وزیر زراعت نعیم اختر خان

بدھ 22 مارچ 2017 19:11

حکومت پنجاب کسانوں اور کاشتکاروں کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) صوبائی وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کسانوں اور کاشتکاروں کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی ملک شاویز خان ، ملک ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات ،چیئرمین بلدیہ اٹک ناصر محمود شیخ، سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) سلیم شہزادکے علاوہ یونین کونسل کے چیئرمین ، کاشتکاروں اور کسانوں کے علاوہ متعلقہ افسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت کو ضلع اٹک میں کسانوں اور کاشتکاروں کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع اٹک میں ای کریڈٹ سکیم کے تحت اب تک 2814 کسانوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ مجموعی طور پر ضلع اٹک 15936 کسانوں کو رجسٹرڈ کیا جا چکا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا کہ پاکستانی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے اور حکومت پنجاب اس حقیقت سے پوری طرح آگاہ ہے ۔

اسی لیے کسانوں اور کاشتکاروں کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لارہی ہے جو انقلابی اقدامات حکومت پنجاب نے کئے، ان میں سو ارب روپے کے بلا سود قرضے، سو ارب روپے کے کسان پیکیج کا اعلان اس کے علاوہ کھادوں پر سبسڈی، کسان کارڈ کا اجراء، سمارٹ موبائل کی فراہمی اور اس کے ذریعے آگاہی کی مہم کے علاوہ دیگر کئی انقلابی اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلا سود قرضوں کی فراہمی کے ذریعے شرعی خدمت کو شعار بنایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ زراعت میں جو کمی موجود ہے اس کو دور کیا جا رہا ہے۔ کسانوں اور کاشتکاروں کیلئے جدید ترین مشینری خریدی جا رہی ہے اور انہیں کاشتکاری کے جدید طریقوں سے روشنا س کرایا جا رہا ہے، گندم کا بیج مفت فراہم کیا جا رہا ہے اور بہتر کاشت کے لیے ڈرپ ایریگیشن کا نظام بھی وضع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں اور کاشتکاروں کی سہولت کے لیے جدید ترین سولر ٹیوب ویل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بجلی پر چلنے والے ٹیوب ویلوں کے بجلی کے بلوں میں فی یونٹ کے حساب سے کمی لائی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر کسان کمشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں مکمل لائحہ عمل مرتب کرکے کسانوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر زراعت محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا کہ کسان کمشن کی نگرانی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کریں گے اور انہیں کسانوں کی بہتری کے لیے روزانہ کی بنیاد پر دیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا جائے گا۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ضلع اٹک کے کسانوں اور کاشتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں موجود کسانوں اور کاشتکاروں نے صوبائی وزیر زراعت کو ضلع میں جاری زرعی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں ۔صوبائی وزیر نے انہیں یقین دھانی کروائی کہ ان کے تمام مسائل ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملک کر حل کیے جائیںگے۔

متعلقہ عنوان :