جماعت اسلامی مزدوراور متوسط طبقات کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

غریب اور متوسط طبقات کو اپنے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے سراج الحق کا ساتھ دینا ہو گا‘ امیر جماعت اسلامی لاہور

بدھ 22 مارچ 2017 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مزدوراور متوسط طبقات کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن میں جماعت اسلامی لاہور کے رہنماء خلیق احمد بٹ ، ارشد خان بونیر ،سید ولی شاہ ، ملک منیر ، ایوب خان و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کو دیکھا جائے تواس وقت پاکستان کو کسی ایک چیلنج کا سامنا نہیں بلکہ بے شمار بحرانوں کا سامنا ہے جس کو حل کرنے میں ہمارے حکمران ناکام ہو چکے ہیں ایک طرف لوڈشیڈنگ ہے تو دوسری طرف کمرتوڑ مہنگائی جس کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقات غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور ملک میں دہشت گرد ، سٹریٹ کرائمز ، ڈاکہ زنی ، چور بازاری نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے اورغریب عوام صحت و تعلیم جیسی بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ لوٹ کھسوٹ کے نظام کو بدلنے کا وقت آگیا ہے ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے ۔انہو ںنے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی تعائون کے ساتھ جمہوری طریقے سے ملک میں اسلامی انقلاب لانا چاہتی ہے الہذا غریب اور متوسط طبقات کو اپنے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا ساتھ دینا ہو گا تاکہ پاکستان میں اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے نظام کاعملی نفاذ ممکن ہو سکے ۔انہوں نے مذیدکہاکہ ملک سے وی آئی پی کلچر ، جاگیرداری نظام ، کرپشن ،بدعنوانی ، سودی نظام اور بے روزگاری کا خاتمہ ہمارے ایجنڈے سے ہی ممکن ہے ۔