Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

آج بھی اسی اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ 23 مارچ 1940 کو دیکھنے میں آیا،شہبازشریف

بدھ 22 مارچ 2017 19:30

لاہور۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج بھی اسی اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ 23 مارچ 1940 کو دیکھنے میں آیا۔23 مارچ 1940 والے جذبے، عزم اور یکجہتی کو اپنا کر ہی وطن عزیز کو آگے لے کر جائیں گے اور پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنا کر قائدؒ اور اقبالؒ کا خواب پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس لئے نہیں بنا تھا کہ یہاں دھونس، دھاندلی، اقربا پروری اور لوٹ مار ہو بلکہ پاکستان کے قیام کا مقصد سب کیلئے ترقی کے یکساں مواقع اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہے۔ بدقسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے پاکستان کو اس کی اصل منزل سے دور کر دیا، تاہم وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اپنی اس منزل کی جانب رواں دواں ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ قرارداد پاکستان علیحدہ وطن کے حصول کی جدوجہد میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور23مارچ کا دن تحریک آزادی کے مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ علامہ اقبالؒ نے مسلمانان برصغیر پاک و ہند کی آزادی اور خودمختار ریاست کا خواب دیکھا تھا جو قائداعظمؒ کی بے مثال قیادت اور عظیم جدوجہد میں شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے مسلم لیگ کے پرچم تلے اکٹھے ہو کر عظیم جدوجہد کا عہد کیا اور پاکستان کے حصول کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔

منٹو پارک کے تاریخی جلسے میں منظور کردہ قرار داد شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے تصور کی عملی شکل تھی ۔ ہمارے آبائو اجداد اور تحریک آزادی کے مجاہدوں نے خون کے نذرانے دے کر علیحدہ وطن حاصل کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب اور امیر کافرق ختم کرنے کیلئے وسائل کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے اور ہمارا فرض ہے کہ پاکستان کے قیام کے مقاصد کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کردیں۔

آزادی کی نعمت کے تحفظ کیلئے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیر سگالی کو فروغ دینا ہوگا۔ ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے آج تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے۔انہو ںنے کہا کہ بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام حاصل کرنے کیلئے قائد اعظمؒ کے افکار کی روشنی میں آگے بڑھناہوگا۔ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ایمان،اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کو مضبوط و خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو دنیا میں باوقار مقام دلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات