آئندہ سماعت پر سوشل میڈیا بند کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ دیں گے

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ریمارکس

بدھ 22 مارچ 2017 19:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر سوشل میڈیا بند کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ دیں گے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو تازہ ترین رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی بھی ہدایت کر دی ۔بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ انکوائری مکمل ہو گئی، دو دن پہلے مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے، ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ موبائل اور لیپ ٹاپ قبضے میں لے کر فرانزک معائنہ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ تین مشتبہ افراد کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ کچھ افراد کے نام ای سی ایل میں بھی شامل کر دیئے ہیں،ڈی جی ایف آئی اے کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیس بک سے مسلسل رابطے میں ہیں، فیس بک انتظامیہ نے وقت مانگا ہے اور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

جس پر شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ جتنا بھی وقت مانگا ہے دیا جائے تاہم اس وقت تک فیس بک کو پاکستان میں بند کرنے کی ضرورت ہے، عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر فیصلہ کریں گے کہ آیا سوشل میڈیا کو پاکستان میں بند کرنا ہے یا نہیں، عدالت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو تازہ ترین رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی ۔