وزیراعلیٰ پنجاب سے برطانوی وزیر داخلہ کی ملاقات ،دو طرفہ تعلقات ، مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال

دہشت گردوںاور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ انتہا پسندانہ مائنڈ سیٹ کو بھی شکست دیں گے، دہشت گرد صرف دہشت گرد ہے،ان سفاک درندوں کا کوئی دین ہے نہ مذہب اور نہ ہی کوئی جغرافیائی شناخت ،دہشتگردی، انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کے ناسور کے مکمل خاتمے کا پوری قوم عزم کر چکی ہے ،عسکری و سیاسی قیادت نے مربوط اقدامات کیے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گفتگو برطانیہ تعمیر ،ترقی و خوشحالی اور جمہوریت کے سفر میں پاکستان کیساتھ ہے ،انسداد دہشتگردی کیلئے تعاون بڑھائینگے،برطانوی وزیر داخلہ

بدھ 22 مارچ 2017 20:59

وزیراعلیٰ پنجاب سے برطانوی وزیر داخلہ کی ملاقات ،دو طرفہ تعلقات ، مختلف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے بدھ کو یہاںبرطانیہ کی وزیر داخلہ امبر رڈ نے ملاقات کی،جس میںباہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیااورمستقبل میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے تیز رفتاری سے اقدامات پر اتفاق کیا گیا-برطانوی وزیر داخلہ نے مختلف شعبوں کی ترقی کیلئے شاندار اقدامات پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے صوبے میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بہترین انداز میں اقدامات کیے ہیںاور بلاشبہ شہبازشریف کی قیادت میں فلاح عامہ کے لئے پنجاب میں شاندار کام ہوا ہے خصوصا تعلیم، صحت،خواتین کے حقوق کے تحفظ او ردیگر شعبوں میں نمایاں پیشرفت دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے اور میںآپ کے کام سے بہت متاثر ہوئی ہوں -انہوں نے کہاکہ برطانیہ اور پنجاب حکومت ایک دوسرے کے بہترین شراکت دار ہیںاورہم تعمیر وترقی کے شعبوں میں قدم سے قدم ملا کر چل رہے ہیں-یقینا پنجاب حکومت نے کئی اہم اہداف حاصل کئے ہیںاور ہم نے بھی آپ سے سیکھاہے ۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیر داخلہ نے اینٹوںکے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ بچوں کو چائلڈ لیبر سے نجات دلانا آپ کاایک شاندار کارنامہ ہے -انہوں نے کہاکہ برطانیہ تعمیر،ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اورہم جمہوریت کے سفر میں بھی پاکستان کے ساتھ ہیں اوربرطانیہ انسداددہشت گردی اورترقی و خوشحالی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور برطانیہ کی وزیر داخلہ امبر رڈکے درمیان وفود کی سطح پربھی ملاقات ہوئی ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں اورباہمی احترام پر مبنی ہیں-دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتا ہوتا تعاون لائق تحسین ہے ۔ ہم برطانیہ کی جانب سے تعلیم ، صحت،سکل ڈویلپمنٹ اوردیگر شعبوں میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

پاکستان اوربرطانیہ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنرز ہیںاوردونوں ممالک میںمربوط معاشی روابط موجود ہیں۔ پاکستان برطانیہ کے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے - پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ترقی و خوشحالی کے سفر میں شراکت داری آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوگی۔وزیراعلی نے پنجاب حکومت کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے اوران کے حقو ق کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے اورپنجاب حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں ۔ خواتین کو خودروزگارسکیم کے تحت بلاسود چھوٹے قرضے دیئے گئے ہیں۔