موجودہ حکومت نے تاجر برادری کو ٹیکسوں کے شکنجے میں جکڑ کر تاجر برادری کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے،تحریک انصاف اقتدار میں آکر تاجر برادری کوریلیف دے گی

تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کا افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 22 مارچ 2017 21:50

موجودہ حکومت نے تاجر برادری کو ٹیکسوں کے شکنجے میں جکڑ کر تاجر برادری ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن موجودہ حکومت نے تاجر برادری کو ٹیکسوں کے شکنجے میں جکڑ کر تاجر برادری کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ، تحریک انصاف اقتدار میں آکر تاجر برادری کو نہ صرف ریلیف دے گی بلکہ ملکی ترقی کے مراحل میں تاجر برادری کو برابر کے مواقع بھی دے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کپڑا مارکیٹ اندھی کھوئی میں معروف تاجر رہنما خواجہ سلیمان صدیقی کی دکان کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر ایم پی اے جاوید اختر انصاری ، خواجہ سلیمان صدیقی ، سابق ناظم خواجہ اشفاق احمد صدیقی ، اختر بٹ ، خواجہ سبحان صدیقی ، کلیم نہال قریشی ، مرزا نعیم بیگ ، عارف فصیح اللہ ، جاوید اختر خان ، شیخ جاوید اختر ، شیخ الطاف حسین ، شاہد محمود انصاری سمیت ملتان کی مختلف تاجر تنظیموں کے عہدیداران اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران پانامہ لیکس کے اصل کردار ہیں ، پوری قوم حکمرانوں کی کرپشن سے نہ صرف آگاہ ہوچکی ہے بلکہ اب تو گلی گلی کوچے کوچے میں حکمرانوں کی کرپشن زبان زد عام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے ہمیشہ ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ، موجودہ دور حکومت میں تاجروں کو جس طرح نظرانداز کیا جارہا ہے وہ نہ صرف تاجر برادری کیلئے پریشان کن ہے بلکہ ان حالات میں تحریک انصاف کی تمام تر ہمدردیاں تاجر برادری کے ساتھ ہیں ۔ بعد ازاں مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی دعا بھی کروائی ۔