نیپرا اور حکومت آمنے سامنے ، سی پیک کے سکیورٹی اخراجات بجلی صارفین سے وصولی روک دی

کھلی سماعت لگانے کا اعلان، غریب صارفین کو لٹنے نہیں دیں گے، نیپرا

بدھ 22 مارچ 2017 23:12

نیپرا اور حکومت آمنے سامنے ، سی پیک کے سکیورٹی اخراجات بجلی صارفین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2017ء) نواز شریف حکومت کا ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا ۔ سی پیک پر اٹھنے والے اربوں روپے کے اخراجات بجلی صارفین سے وصول کرنے کا فیصلہ نیپرا نے حکومت کو غریب صارفین کو لوٹنے سے روکتے ہوئے 4اپریل کو جواب طلب کر لیا ہے۔ وفاقی حکومت جس کے سربراہ نواز شریف ہیں نے فیصلہ کیا ہے کہ سی پیک کے سکیورٹی اخراجات بجلی صارفین کی جیبوں سے وصول کئے جائیں ۔

اس بارے وزارت پانی و بجلی نے سمری نیپرا کو ارسال کر رکھی ہے۔ جس کے مطابق155ملین امریکی ڈالر کی خطیر رقم بجلی صارفین سے وصولی کے لئے اجازت طلب کی جائے گی۔ سی پیک منصوبے کی سکیورٹی کے لئے ایک علیحدہ بریگیڈ بھی بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیپرا نے حکومت کی اپیل مسترد کر دی ہے اور کہا ہے کہ غریب صارفین سے سی پیک سکیورٹی کی رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

تاہم نیپرا نے گزشتہ روز نوٹسز جاری کئے ہیں اور 4اپریل کو حکومت کی اپیل کی کھلے عام سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نیپرا نے ایک نوٹس میں عوام اور بجلی صارفین کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ سماعت میں شامل ہو کر اپنے مؤقف بارے نیپر اکو آگاہ کریں۔ نیپرا ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف نیپرا کو کام سے روکنے کے لئے اس ادارہ کو وزارت پانی و بجلی کے ماتحت کیا تھا لیکن عدالت عالیہ نے نواز شریف کے تمام ڈیزائن اور عزائم کو ناکام بنا کر نیپرا کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ جس سے ان کے عزائم خاک میں مل گئے ہیں۔۔( علی/رانا مشتاق)