دہشت گردی ہمارے ملک و قوم کیلئے ناسور ہے ،دہشت گردی کے خلاف قوم کو متحد ہونا پڑیگا ، میئر کراچی وسیم اختر

اپنے ادارے اور محکموں کو ٹھیک کرنے کیلئے ہمیں وقت کی پابندی اور نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا کیونکہ یہ بھی ایک جہاد ہے ، تقریب سے خطاب

بدھ 22 مارچ 2017 23:36

دہشت گردی ہمارے ملک و قوم کیلئے ناسور ہے ،دہشت گردی کے خلاف قوم کو متحد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ دہشت گردی ہمارے ملک و قوم کے لئے ناسور ہے جس میں ہمارے فوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور معصوم شہری شہید ہو رہے ہیں ، دہشت گردی کے خلاف قوم کو متحد ہونا پڑے گا جبکہ اپنے ادارے اور محکموں کو ٹھیک کرنے کے لئے ہمیں وقت کی پابندی اور نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا کیونکہ یہ بھی ایک جہاد ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کے لئے حج بیت اللہ کی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر مذہبی امور وسیم باقری سمیت دیگر افسران اور ملازمین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ وہ خوش نصیب افراد جن کاحج کی قرعہ اندازی میں نام نکلا ہے وہ اپنے ملک و قوم، صوبے ،شہر اور اپنے ادارے کو دعائوں میں یاد رکھیں تاکہ ہمارے اداروں اور ہمارے ملک میں استحکام پیدا ہوانہوں نے کہا کہ مختلف اداروں کی طرف سے حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے قرعہ اندازی کا سلسلہ جاری ہے اور مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ خود میں نے اپنی وزارت کے دور میں بھی اس حوالے سے عملی کردار ادا کیا تاکہ یہ سلسلہ جاری رہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں اس تناسب سے تنخواہیں بڑھائی نہیں گئیں جس کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ حج کی سعادت سے محروم رہ جاتے ہیں تاہم ہماری یہ ادنیٰ سی کوشش ہے کہ اپنے ادارے کے ملازمین کو یہ سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے لوگ خوش نصیب ہیں لہٰذا اس راہ میں جو بھی مسائل یا مشکلات پیش آئیں انہیں خوشدلی سے برداشت کریں کیونکہ یہ سعادت بہت کم لوگوں کے حصے میں آتی ہے۔ بعدازاں میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی نے حج کے لئے قرعہ اندازی میں 41 افراد کے نام نکالے جبکہ دو افراد کو میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی اپنے ذاتی خرچ سے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے بھیجیں گے۔

قرعہ اندازی کے لئے 1 تا15 گریڈ کے ملازمین کی کل 903 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 30 ملازمین کا چنائو عمل میں آیا جبکہ 16 اور زائد گریڈ کے 206 افسران نے درخواستیں جمع کرائی تھیں جن میں سے 13 افسران کا نام قرعہ اندازی میں نکالا گیا علاوہ ازیں 1 سے 15 گریڈ تک 10 ملازمین جبکہ 16 اور زائد گریڈ کے 5 افسران کا نام منتظر لسٹ میں رکھا گیا ہے جنہیں قرعہ اندازی میں خوش نصیب قرار پانے والے ملازمین سے کسی بھی ملازمین کے کسی وجہ سے حج پر نہ جانے کی صورت میں حج بیت اللہ کی سعادت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

جن ملازمین کے نام قرعہ اندازی میں نکالے گئے ان کی تفصیل اس طرح ہے۔گریڈ 1 تا15 محمد نسیم بلوچ(اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ )، محمد ندیم اقبال(چارجڈ پارکنگ)، محمد علی (فائربریگیڈ)، سید افضل حسین (ہیلتھ )، مجاہد حسین (اسٹیٹ) ، واحد رائوف (کچی آبادی)، غلام حیدر(محکمہ ہیلتھ)، کالا صاحب ( ہیلتھ )، عبداللطیف (پارکس)،نیئر مرزا (محکمہ لینڈ)،محمد رحیم (فائربریگیڈ)، ایاز محمد(آراینڈ ایم ای)، عبدالرحمن (پارکس)، شاکر حسین (ہیلتھ)، سید محمد آفتاب عالم(فائربریگیڈ)،ممتاز اشرف (ایم پی ایچ)، محمد منور (ہیلتھ)، آفتاب احمد خان (ہیلتھ)، محمد حبیب(فائربریگیڈ)، قاری محمد رضوان (آر اینڈ ایم ای)، سید واجد حسین (انجینئرنگ)، محمد ہارون (ایم پی ایچ)، محمد یوسف (فائربریگیڈ)، محمد صدیق(سم)، محمد اسلم(ایچ آر ایم)، سید فرید احمد(کراچی زو)، ذوالفقار احمد (پرنٹنگ پریس)، محمد منشا(چارجڈ پارکنگ)، زاہد حسین (ہیلتھ)، محمد علی چوہان(ہیلتھ)اور گریڈ 16 اور زائد کے خوش نصیب افسران محمد ابرار شیخ (فائربریگیڈ)، جمیل فاروقی (ایچ آر ایم)، جمیل ناصر (انجینئرنگ)، عبدالرحیم قدوائی(میئر سیکریٹریٹ)، محمد نعیم خان (ہیلتھ)، ریحانہ یاسمین(میونسپل سروسز)، سید تسنیم احمد (ہیلتھ)، سید محمد طارق (کونسل سیکریٹریٹ)، سید محی الدین(انجینئرنگ)، محمد شاہد (سم)، محمد سعید(کونسل سیکریٹریٹ)، محمد اسلم شیخ (اسٹیٹ)، شہزاد احمد (انجینئرنگ)۔

متعلقہ عنوان :