امت کے مسائل کے حل کیلئے’’ مسلم اقوام متحدہ ‘‘کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے، سراج الحق

بدھ 22 مارچ 2017 22:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امت کے مسائل کے حل کیلئے’’ مسلم اقوام متحدہ ‘‘کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔امریکی سرپرستی میں اقوام متحدہ عالم اسلام کے مسائل سے مکمل لاتعلقی کا مظاہرہ کررہی ہے جبکہ امریکی پالیسیاںمسلمانوں کے خلاف بنائی جاتی ہیں۔ٹرمپ کی اسرائیل اور بھارت کی سرپرستی کرنے سے مسلمانوں کے اندر عدم تحفظ کے احساس نے جنم لیا ہے۔

دنیا بھر کے ایک ارب اور 75کروڑ مسلمانوں کے 60کے قریب ممالک میں سے کسی ایک ملک کو ویٹو پاور حاصل نہیں جبکہ پانچ غیر مسلم ملکوں کو ویٹو پاور حاصل ہے ،یہی وجہ ہے کہ کشمیر ،فلسطین اور برما جیسے مسائل سال ہا سال گزرنے کے بعد بھی حل نہیں ہوئے اور عراق ،افغانستان ،شام پر جنگیں مسلط کرکے لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔

(جاری ہے)

عالمی امن کیلئے ضروری ہے کہ دنیا بھر میں عدل و انصاف کا ایسا با اعتماد نظام قائم کیا جائے کہ عالمی تنازعات کا خاتمہ ہوسکے اور بین المذاہب ہم آہنگی قائم ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کی کانفرنس کے موقع پر مشیر شاہ سلمان بن عبد العزیز عبد اللہ محسن ،سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی محمد بن عبد الکریم العیسی ،روسی مفتی اعظم شیخ نفیع اللہ عشیروف اور مسلم ورلڈ اسمبلی فار یوتھ کے سیکرٹری جنرل صالح بن سلمان الوھیبی سے الگ الگ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

متعلقہ عنوان :