پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے 77ویں یوم پاکستان پر بھر پور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا ‘پہلی مرتبہ جمہوریہ چین اور سعودی عرب کے دستوں ‘ترکش ملٹری بینڈ ‘سائوتھ افریقہ کی فوج کے سربراہ نے پریڈ میںاپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کی ‘پاک فضائیہ کے سربراہ نے فلائی پاسٹ ‘آرمی ایوی ایشن کے کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل خلیل زاد نے ہیلی کاپٹر فلائی پاسٹ اور ایس ایس جی کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ نے فری فال جمپنگ کی قیادت کی

جمعرات 23 مارچ 2017 13:33

پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے 77ویں یوم پاکستان پر بھر پور دفاعی صلاحیت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے 77ویں یوم پاکستان پر بھر پور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا ‘پہلی مرتبہ جمہوریہ چین اور سعودی عرب کے دستوں ‘ترکش ملٹری بینڈ ‘سائوتھ افریقہ کی فوج کے سربراہ نے پریڈ میںاپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کی جو کہ ان دوست ممالک کے ساتھ گہری باہمی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ‘پاک فضائیہ کے سربراہ نے فلائی پاسٹ ‘آرمی ایوی ایشن کے کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل خلیل زاد نے ہیلی کاپٹر فلائی پاسٹ اور ایس ایس جی کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ نے فری فال جمپنگ کی قیادت کی ‘پاک فضائیہ کے جے ایف 17تھنڈر‘ایف 16اور شیر دل فارمیشن نے افق پر خوبصورت رنگ بکھیرتے ہوئے خوبصورت فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو 77ویں یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی رادالحکومت کے پریڈ گرائونڈ میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا ۔صدر مملکت ممنون حسین اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ وزریراعظم محمد نواز شریف ‘چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ‘پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ‘سائوتھ افریقی فوج کے سربراہ جنرل صالح ذکریا ‘سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ‘وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف ‘چیئرمین سینٹ رضا ربانی‘وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق ‘انجینئر خرم دستگیر ‘سینٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق ‘پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان ‘پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ ‘چین کے سفیر سن وی ڈونگ کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ ‘غیر ملکی مندوبین‘ سفیروں‘ہائی کمشنروں کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے پریڈ میں شرکت کی ۔

اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ سکیورٹی وجوہات کی بناء پر موبائل فون سروس بھی مخصوص وقت کے لئے بند رکھی گئی ۔پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین کی آمدکا اعلان بگل بجھا کر کیا گیا جو بگی میں سوار ہوکر پریذیڈنٹ باڈی گارڈز کے ہمراہ تقریب میں پہنچے۔ سلامی کے چبوترے پر وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ‘ بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان نے صدر مملکت کا استقبال کیا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔

صدر مملکت نے پریڈ کمانڈر کے ہمراہ پریڈ میں شامل پنجاب رجمنٹ ‘فرنٹیئر رجمنٹ ‘نادرن لائیٹ انفٹری ‘پاک بحریہ ‘پاک فضائیہ ‘مجاہد فورس ‘فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ ‘پاکستان رینجرز ‘ پاکستان پولیس ‘ٹرائر ی سروسز لیڈیز ‘ آرمڈ فورسز لیڈز آفیسرز ‘ بوائز سکائوٹس ‘ گرلز گائیڈ اور ٹرائی سروسز سپیشل گروپ کے دستوں کا معائنہ کیا ۔ جس کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ ہوا جس میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 ، میراج، پی تھری سی اورین، ایف سیون، پی جی سیون، قراقرم ایگل، سیپ 2000، کے ای تھری اواکس سمیت مختلف جنگی اور لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔

فضائی مارچ پاسٹ کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کی۔ پاک فضائیہ اور بحریہ کے طیاروں نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔پریڈ میںپنجاب رجمنٹ ‘فرنٹیئر رجمنٹ ‘نادرن لائیٹ انفٹری ‘پاک بحریہ ‘پاک فضائیہ ‘مجاہد فورس ‘فرنٹیئر کور خیبر پختونخواہ ‘پاکستان رینجرز ‘ پاکستان پولیس ‘ٹرائر ی سروسز لیڈیز ‘ آرمڈ فورسز لیڈز آفیسرز ‘ بوائز سکائوٹس ‘ گرلز گائیڈ اور ٹرائی سروسز سپیشل گروپ کے دستوںنے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔

پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کے دستے نے بھی اپنے مخصوص انداز میں پریڈ کرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی دی۔ آرمڈکور کا دستہ جو الخالد ٹینک، ٹی اے ٹی یو ڈی ٹینک، الضرار ٹینکوں پر مشتمل تھا۔ آرٹلری کے بکتر بند، اے پی سیز، آرمی ایئر ڈیفنس، میزائل اور ٹریکنگ ریڈار سسٹم سے لیس ایف ایم 90 ، کور آف انجینئرنگ، کور آف سگنل کے دستوں نے بھی صدر مملکت کو سلامی دی۔

تقریب میں پاکستان کے جدید ترین نصر میزائل سسٹم، بابر کروز مزائل سسٹم، شاہین I، شاہین IIمیزائل سسٹم، بغیر پائلٹ طیارے شہپر، براق سمیت دفاعی سامان حرب کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے 15کوبرا، ایم آئی 17، پیونک ہیلی کاپٹروں پر مشتمل دستوں نے بھی تین سو فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے شاندار فضائی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

پریڈ میں ایف 16، جے ایف 17 تھنڈرطیاروں نے شاندار فضائی مظاہرے پیش کئے۔ فضاء میں خوبصورت رنگ بکھیرتے اور طیاروں کو آواز سے دوگنی اور کم ترین رفتار سے دائروں میں گھومتے، الٹی پروازوں، ورٹیکل رول بناتے اور تھنڈر ٹرن سمیت مختلف حیرت انگیز کرتب کا مظاہرہ کرتے طیاروں کو شہریوں کی خوب داد ملی۔پاک فضائیہ کے طیاروں کے شاندار مظاہرہ کو دیکھنے کے لئے نوجوانوں، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی بڑی تعداد پریڈ گرائونڈ کے اطراف سمیت جڑواں شہروں میں شہریوں نے گھروں کی چھتوں پر کھڑے ہو کر فضائی مظاہرے دیکھے۔

پریڈ کی تقریب کا ایک اور شاندار مظاہرہ پاکستان آرمی کے سپیشل سروسز گروپ اور پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز کا 10ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ تھا۔ تینوں مسلح افواج کے پیرا شوٹرز میجر جنرل طاہر مسعود بھٹہ کی قیادت میں یکے بعد دیگرے سلامی کے چبوترے کے سامنے اترے صدر مملکت نے فرداً فرداً تمام پیرا شوٹرز سے مصافحہ کیا۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے خصوصی فلوٹس نے بھی صدر کو سلامی پیش کی۔پاک بحریہ کے ہوور کرافٹ اور پاکستان رینجرز پنجاب کے اونٹوں پر سوار دستے نے بھی صدر کو سلامی پیش کی۔تقریب کے اختتام پربچوں نے قومی ملی نغمے پیش کئے ‘ صدر مملکت ممنون حسین اوروزیراعظم محمد نوازشریف بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔