اسلام آباد ، یوم پاکستان کی پریڈ کیلئے غیرمعمولی سیکیورٹی کے انتظامات ، موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل

پریڈ گرائونڈ جانے والے راستے اور سڑکیں بند ، شہری پاک فضائیہ کے طیاروں کے کرتب کا نظارہ کرنے کیلئے گھروں کی چھتوں اور کھلے میدانوں میں نظر آئے

جمعرات 23 مارچ 2017 13:53

اسلام آباد ، یوم پاکستان کی پریڈ کیلئے غیرمعمولی سیکیورٹی کے انتظامات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) وفاقی دارالحکومت میں یوم پاکستان کی پریڈ کیلئے غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ،سیکیورٹی خدشات کے باعث موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہی جبکہ پریڈ گرائونڈ شکرپڑیاں کی طرف سے جانے والے تمام چھوٹے بڑے راستے اور سڑکیں بند کردی گئی ،اسلام آباد کے شہری پاک فضائیہ کے طیاروں کے کرتب کا نظارہ کرنے کیلئے گھروں کی چھتوں اور کھلے میدانوں میں نظر آئے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شکرپڑیاں گرائونڈ میں ہونے والی یوم پاکستان پریڈ کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے گئے تھے،پریڈ گرائونڈ کی سیکیورٹی تھری لیٹر تھی،پاک فوج کے دستے،رینجرز اور پولیس اہلکار ڈیوٹیاں دیتے رہے،اسلام آباد ہائی وے کی طرف جانے والے راستوں پر جگہ جگہ ناکے لگائے تھے تھے اور پولیس اہلکار گاڑیوں میں سوار افراد سے شناختی دستاویزات چیک کرتے رہے جبکہ پولیس کے ساتھ پاک فوج کے جوان بھی موجود تھے،مارگلہ کی پہاڑیوں اور تمام بلند عمارتوں کی چھتوں پر شارپ شوٹر تعینات تھے جبکہ پریڈ گرائونڈ کے قریبی علاقوں کی خفیہ نگرانی بھی کی جاتی رہی،ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے باعث صبح چھ بجے سے دوپہر بارہ بجے تک جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس معطل رہی،ٹریفک کیلئے خصوصی پلان جاری کیا گیا تھا اور تمام بڑی گاڑیوں کا داخلہ اسلام آباد میں بند کردیا گیا تھا۔