فرانس ، پاکستانی سفارتخانے میں 77 ویں یوم پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی کی باوقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 23 مارچ 2017 17:59

فرانس ، پاکستانی سفارتخانے میں 77 ویں یوم پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) فرانس میں پاکستانی سفارتخانے میں جمعرات کو 77 ویں یوم پاکستان کے حوالے سے پرچم کشائی کی باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر معین الحق نے بانی پاکستان اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی انتھک کوششوں اور قربانیوں سے برصغیر کے مسلمانوں نے 14 اگست 1947ء کو آزاد وطن حاصل کیا۔

پیرس سے موصول ہونے والے پیغام کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس وقت پاکستان بین الاقوامی برادری میں ایک اہم مقام کی حیثیت رکھتا ہے جس کے جمہوری ادارے اور معیشت مستحکم جبکہ عدلیہ اور میڈیا آزاد ہیں۔ انہوں نے فرانس میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستانی برادری کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے ہمارے لئے ایک آزاد وطن کے قیام کیلئے عظیم قربانیاں دیں اور یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے مادر وطن کو آنے والی نسلوں کیلئے پرامن اور خوشحال بنائیں۔

(جاری ہے)

تقریب کے موقع پر یوم پاکستان کے حوالے سے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے خصوصی پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ بعد ازاں یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانی سفیر نے سفارتکاروں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس میں فرانس میں مقیم پاکستانی برادری، فرانسیسی پارلیمنٹ کے ارکان، اعلیٰ سول اور ملٹری حکام سمیت مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔