آنے والی نسلوں کے مستقبل کومحفوظ بنانا کیلئے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا ‘ جمشید اقبال چیمہ

اشرافیہ کے سرکردہ حکمرانوں کے منہ سے غریب عوام سے ہمدردی کسی طرح بھی زیب نہیں دیتی ‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

جمعرات 23 مارچ 2017 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کومحفوظ بنانا کیلئے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا ،اشرافیہ کے سرکردہ حکمرانوں کے منہ سے غریب عوام سے ہمدردی کسی طرح بھی زیب نہیں دیتی ۔ یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام میں اب اپنے حقوق کا شعور بیدار ہو گیا ہے جس کی وجہ سے حکمرانوں کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

تعلیم اور صحت سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن حکمران اس کی بجائے اپنی اناء کی تسکین کے منصوبے مکمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کی آبیاری کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے بغیر کرپشن کے ناسور کا خاتمہ ممکن نہیں ۔ آج چھوٹے چور کو تو پکڑ لیا جاتا ہے لیکن قوم کے اربوں لوٹنے والوں کو کوئی ہاتھ تک نہیں لگا سکتا اور اسی وجہ سے عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے جو آنے والے دنوں میں غیض و غضب کی صورتحال اختیار کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں پانامہ کیس کے فیصلے پر مرکوز ہیں اور انشا اللہ اس میں پاکستانی قوم سر خرو ہو گی ۔