پولیس ہیڈ کانسٹیبل کار الٹنے سے جاں بحق ‘ لاش گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا ‘ نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک

جمعرات 23 مارچ 2017 21:06

شہدادپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مارچ2017ء) پولیس ہیڈ کانسٹیبل کار الٹنے سے جاں بحق ، تیز رفتار کار ٹائر برسٹ ہونے سے الٹ گئی ، لاش گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا ، نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپورسے تعلق رکھنے والا پولیس ہیڈ کانسٹیبل 53۔ سالہ محمد حسن چوہان کراچی تھانے میں تعینات تھا۔ اس کی بیوی کافی عرصہ سے بیمار تھی جس کی وجہ سے اس نے 4۔

روز قبل پولیس کی نوکری سے ریٹائرمنٹ لیتے ہوئے اپنے کاغذات کراچی آفس میں جمع کرا دئیے تھے اور ریٹائرمنٹ کے کاغذات جمع کرا کر اپنا ضروری سامان اور بچوں کے لئے مٹھائی وغیرہ لے کر کراچی سے شہدادپور آرہا تھا کہ نیشنل سپر ہائی وے پر کھنڈو شہر کے قریب تیز رفتار کار کا ٹائر برسٹ ہو گیا جس کی وجہ سے کار قلابازیاں کھاتے ہوئے الٹ گئی۔

(جاری ہے)

کار الٹنے کے باعث ہیڈ کانسٹیبل محمد حسن چوہان شدید زخمی ہوگیا اور اس نے فوری طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے تڑپتے ہوئے جان دے دی۔

اس کی میت شہدادپور اس کے گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ اس کی نماز جنازہ مدینہ مسجد کے سامنے ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شہر کی سیاسی ، سماجی ، دینی ، تجارتی شخصیات اور رشتہ داروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد ناگے شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :