وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ریاض میں سعودی سفارتکاروں کو لیکچر دیا

پاکستان کے سعودی عرب سے تعلقات تقریباً 26 لاکھ پاکستانیوں کے مثبت کردار کی بدولت مضبوط ہو رہے ہیں، طارق فاطمی

جمعرات 23 مارچ 2017 23:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کی دعوت پر پرنس سعود الفیصل ڈپلومیٹک انسٹیٹوٹ ریاض میں سعودی سفارتکاروں کو لیکچر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے سعودی عرب سے تعلقات سٹریٹجک نوعیت کے ہیں، جو علاقائی اور عالمی امور پر انکے یکساں موقف کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں مقیم تقریباً 26 لاکھ پاکستانیوں کے مثبت کردار کی بدولت مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی سیاسی منظر نامے کا موجودہ اور تاریخی تناظر میں احاطہ کیا، جس میں بین الاقوامی اداروں بشمول اقوام متحدہ، ڈبلیو ٹی اور آئی اے ای اے کے کردار پر خصوصی توجہ دی گئی۔

(جاری ہے)

طارق فاطمی نے موجودہ دور میں دہشتگردی کو دنیا کیلئے بڑا چیلنج قرار دیا اور کہا کہ دہشتگردی کی وجوہات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار رہا ہے، سیکورٹی اہلکاروں سمیت ہزاروں پاکستانی دہشتگرد حملوں میں شہید یا زخمی ہوئے ہیں جبکہ اس سے مالیاتی نقصانات کا تخمینہ 100 ارب روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔ انہوں نے نوجوان سفارتکاروں کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے، جس پر جامع طریقے سے قابو پانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو دہشتگردی کے مکمل خاتمے کی کوششوں میں تعاون کرنا چاہیے، اس حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔