پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریے کا نام ہے اسے کوئی ختم نہیں کر سکتا‘ مخدوم احمد محمود

حکومتیں ریاست کو درپیش مسائل سے نبردآزما ہونے کیلئے بنتی ہیں نہ کہ وزارت عظمیٰ یا اقتدار کیلئے‘ گفتگو

جمعہ 24 مارچ 2017 17:38

پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریے کا نام ہے اسے کوئی ختم نہیں کر سکتا‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک نظریے کا نام ہے جسے کوئی ختم نہیں کر سکتا، مستقبل صرف پیپلز پارٹی کا ہے،ہمارا یہ دعویٰ نہ صرف نوشتہ دیوار ہے بلکہ نا قابل تردید دلائل پر مبنی بھی ہے،یہ پاکستان کی واحد جماعت ہے جس میں کارکنوں کے ساتھ ساتھ لیڈروں نے بھی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے اس کی آبیاری کی یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی کے لیڈر کارکن اور باشعور عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں متحد ہیں جو اپنے شہید قائدین کے افکار و فلسفے کی روشنی میں اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ بات انہوں نے مادرے جمہوریت شہید بیگم نصرت بھٹو کی 88 ویں سالگرہ کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو ظالمانہ آمریت کیخلاف جمہوری جدوجہد کی علامت تھیں جنہوں نے پاکستانی عوام کے حقوق کی خاطر آمریت کیخلاف جنگ کے دوران تقریباً اپنا تمام خاندان گنوا دیا اور اس دوران صعوبتیں برداشت کیں پابند سلاسل اور قید تنہائی کا خندہ پیشانی سے سامناء کیا اور ثابت قدمی سے عوام کے ساتھ کھڑی رہیں۔

تاریخ میں ایسی بلند اور قد آور شخصیات کی مثالیں بہت مشکل سے نظر آتی ہیں۔ جنہوں نے اپنا سب کچھ اپنے لوگوں اور پاکستان کے لئے قربان کر دیا ہو۔ پاکستان پیپلز پارٹی رہنماء و کارکنان ان کو کبھی بھول نہیں سکتے ان کی یادوں کو بھر پور طریقے سے مناتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتیں ریاست کو درپیش مسائل سے نبردآزما ہونے کیلئے بنتی ہیں نہ کہ وزارت عظمیٰ یا اقتدار کیلئے۔ ایسی صورتحال میں پیپلز پارٹی کے علاوہ کون ہے جو ملک و قوم کی کشتی پار لگائے گا۔