(ن) لیگ اپنی مدت پوری کرنے سے پہلے الیکشن نہیں کرائے گی ، ہم ہر وقت تیارہیں ، حکمران جماعت اپنے نئے سینیٹرمنتخب کرائے گی ، یہ پتہ ہے نوازشریف کے خلاف فیصلہ کبھی آیا نہیں،پانامہ کیس کے فیصلے پر ججوں کے دل میں کیا ہے یہ نہیں معلوم ، افتخارچوہدری شرم کرو،افتخار ایک سیاسی جج تھا ، خود صدر بننے کیلئے حامد سعید کاظمی کو جھوٹے کیس میں پھنسایا

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری کا ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 24 مارچ 2017 19:03

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ ہم الیکشن کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں مگر یہ نہیں سمجھتا کہ (ن) لیگ اپنی مدت پوری کرنے سے پہلے الیکشن کروانا چاہے گی ، وہ چاہیں گے کہ وہ اپنے نئے سینیٹرمنتخب کرا لیں اور اس کے بعد الیکشن ہوں ، پانامہ کیس کے فیصلے پر ججوں کے دل میں کیا ہے، مجھے نہیں پتہ مگر یہ ضرور پتہ ہے کہ میاں صاحب کے خلاف فیصلہ کبھی آیا نہیں، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو للکارتے ہوئے کہا کہ شرم کرو، شرم کرو،وہ ایک سیاسی جج تھا اور اس نے خود صدر بننے کیلئے حامد سعید کاظمی کو جھوٹے کیس میں پھنسایا ، حامد سعید کاظمی کو باعزت بری ہونے پر مبارکباد، ملتان والوں کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی اور دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ اس بار ہم پورے پنجاب سے الیکشن جیتیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں مگر یہ نہیں سمجھتا کہ (ن) لیگ اپنی مدت پوری کرنے سے پہلے الیکشن کروانا چاہے گی کیونکہ وہ چاہیں گے کہ وہ سینیٹ لے لیں اور اس کے بعد الیکشن ہوں ۔

آصف زرداری نے کہا کہ پانامہ کیس کے فیصلے پر ججوں کے دل میں کیا ہے مجھے نہیں پتہ مگر یہ ضرور پتہ ہے کہ میاں صاحب کے خلاف فیصلہ کبھی آیا نہیں ہے ، بی بی صاحبہ نے بھی ایک دفعہ کہا تھا کہ میاں صاحب میں کیا چمک ہے کہ اس کے خلاف کبھی فیصلہ نہیں آتا اور ہماری فیور میں کبھی جاتا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد ملتان میں بلاول ہائوس بنے گا ، ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں حامد سعید کاظمی آج ہم میں موجود ہیں ہم ان کو باعزت رہائی پر مبارکباد دیتے ہیں اور سابق چیف جسٹس کو للکار کہتا ہوں کہ شرم کرو۔

میں اس نے وقت بھی کہا تھا کہ یہ ایک سیاسی جج ہے اور صدر بننا چاہتا ہے مگرکچھ دوستوں کو میری بات کا تب یقین ہوا جب اس نے سیاسی پارٹی بنائی ۔ آصف زرداری نے کہا کہ حکومت ہمیں سیکیورٹی دے یا نہ دے ہم پورے پنجاب میں نکلیں گے وار جلسے کریں گے ، ہم ان سے پورا پنجاب لیں گے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ ایک مثال ہے کہ ’’جناں لُچا اُوناں ای اُچا‘‘ آج کل یہی دور چل رہا ہے ۔بلاول کے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو مکمل آزاد ہیں اور آئندہ الیکشن کیلئے امیدواروں کے انٹرویو کر رہے ہیں ، بلوچستان اور کشمیر سے انٹرویوز کر لئے ہیں باقی ابھی کر رہے ہیں ۔ (ن م)