عالمی طاقتوں نے پختون علاقوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا ،صوبوں نے بھی وسائل غصب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی

پختون قو م نہایت پسماندگی اور مایوسی سے دوچار زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے ،وفاق سمیت تمام قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پختونوں کی آباد کاری ،پر امن ماحول کی فراہمی کیلئے کردار اداکریں خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سماجی بہبود و آبپاشی سکندر حیات خان شیر پائو کاشمولیتی تقریب سے خطاب

جمعہ 24 مارچ 2017 21:24

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سماجی بہبود و آبپاشی سکندر حیات خان شیر پائو نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں نے پختون علاقوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا اور پختون قوم کو خون میں لت پت اور علاقے کو کھنڈرات میں تبدیل کر کے چلی گئیں جبکہ دوسری طرف ملک کے بڑے صوبوں نے بھی ہمارے وسائل غصب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جن کی وجہ سے پختون قو م نہایت پسماندگی اور مایوسی سے دوچار زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے اس لئے ہم وفاق سمیت تمام قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پختونوں کی آباد کاری اور انہیں پر امن ماحول کی فراہمی کے لئے کردار اداکریں اور ہمارے وسائل پر ہمیں اختیار کا موقع فراہم کریں۔

انہو ںنے وفاقی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ فاٹا کی خیبر پختونخوامیں شمولیت کیلئے آئین پاکستان کے آرٹیکل160کے علاوہ آرٹیکل نمبر1 ،246اور247میں بھی یکمشت ترامیم کر کے اس مسئلے کوجلد از جلد حل کریں اور کنکرینٹ لسٹ کی طرح دس سال کی بجائی35سال تک طوالت دینے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

وہ بروز جمعہ علی جان کلے عمر زئی میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر سرور خان، میجر جہانزیب خان، اور الطاف خان نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ارشد خان عمر زئی کے علاوہ قومی وطن پارٹی کے مقامی رہنما بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی ،گیس اور تیل پیدا کر رہا ہے لیکن پھر بھی ان سہولیات کے حوالے سے ہم محرومی کی زندگی گزار رہے ہیں جس کے لئے ہم وفاق اور طاقتور صوبے کے ذمہ داروں سے پر زور مطالبہ کر تے ہیں کہ تمام وسائل سمیت پاک چائنہ اکنامک کوریڈور (سی پیک) میں ہمیں اپنا حصہ منصفانہ اورفوری طور پر فراہم کیا جائے ۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ ملک میں جاری مردم شماری میں تمام افراد کا اندراج یقینی بنانے کے لئے بھر پور کردار ادا کریں تاکہ قومی سطح پر پختونوں کی نمائندگی صحیح طور پر ہو کر ہمیں وسائل میں اپنا حصہ منصفانہ طور پر مل سکے۔ سکندر حیات خان شیر پائو نے پاک افغان تعلقات کی پائیدار بہتری کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ بہتر پاک افغان تعلقات ہی پختونوں کی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کے ضامن ہیں۔انہوں نے علی جان کلے کیلئے ڈھائی کلو میٹر روڈ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :