Live Updates

کرپشن ملکی مسائل کی جڑ ہے ،جب تک کرپشن جیسے مرض کی تشخیص اور علاج نہ کیا جائے اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرسکتا ،عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں ، اُنہوں نے اپنے اقتدار میں اسلام کی کونسی خدمت کی

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کا شمولیتی جلسے سے خطاب

جمعہ 24 مارچ 2017 21:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مارچ2017ء) خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہاہے کہ کرپشن ملکی مسائل کی جڑ ہے جب تک کرپشن جیسے مرض کی تشخیص اور علاج نہ کیا جائے اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں کہ اُنہوں نے اپنے اقتدار میں اسلام کی کونسی خدمت کی ۔

اُنہوں نے کونسا کاروبار کیا کہ یہ لوگ سائیکل پر آکر اب لینڈ کروزر میں پھر رہے ہیں ۔وہ رورل مردان کے علاقے لنڈے شاہ میں شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر زاہد ،شاہ فہد،عثمان اور دیگر نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ،صوبائی وزیر نے نئے شامل ہونیو الوں کو مبارکباد دی اور پارٹی ٹوپیاں پہنائیں۔

(جاری ہے)

جلسے سے ضلع کونسل کے رکن شیر بھادر اور اورنگزیب صافی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر رورل مردان کے ضلعی کونسلر اور پی ٹی آئی کے نائب صدر شاہد باچا اور ضلعی جنرل سیکرٹری طارق آریانی بھی موجود تھے۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے تھانے، تھانیدار اور پٹوا ر ی کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے۔الیکشن سے پہلے جو وعدے عوام سے کئے تھے اسے عملی جامہ پہنا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ دوسروں پر کرپشن کے الزام لگانے والے اپنے گریبانوں میں جھانک لیں کہ پولیس سپاہی کے بھرتی اورسرکاری افسروں کے ٹرانسفرز کے لئے کون رشوت لیتا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس والے اب نئے نعروں کے ساتھ میدان میں نکلے ہیں لیکن انہیں معلوم نہیں کہ عوام جان چکے ہیں کہ صحیح کون اور غلط کون ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ تحریک انصاف ملک وقوم کے لئے کام کررہی ہے اورجو بھی اس قافلہ میں شامل ہونا چاہتے ہیں انہیں خوش آمدید کہتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ترقیاتی فنڈز عوام کی فلاح وبہبود کی بجائے اپنی جیبیں بھرنے کے لیے خرچ کیے جبکہ نیب کے ساتھ پلی بارگین میں کروڑوں روپے دینے والوں کو عوام بخوبی جانتے ہیں ۔انہوں نے لنڈے شاہ کے لئے ایک ٹرانسفارمر ،جنازگاہ اور ایک پرائمری سکول کا اعلان بھی کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات