صوفیاء کی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے امن، بھائی چارے اور احترام انسانیت کا پیغام ہیں‘ ریاض حسین پیرزادہ

جمعہ 24 مارچ 2017 22:48

صوفیاء کی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے امن، بھائی چارے اور احترام انسانیت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) وفاقی وزیر کھیل و بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ قومی صوفی کانفرنس کا نیشنل پریس کلب میں انعقاد دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ اور امن، محبت اور رواداری کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے ایک سنگ میل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب کے تعاون سے شاہ عبدالطیف سوشل اینڈ کلچرل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ 25 ویں قومی صوفی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صوفیاء کی تعلیمات پوری انسانیت کیلئے امن، بھائی چارے اور احترام انسانیت کا پیغام ہیں جو اسلام کا اصل تشخص ہے۔ وفاقی وزیر نے لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دہشت گردی کے حالیہ حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے دہشت گردوں کے خوف کے علامت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ملک کے کلچر کو تبدیل کیا گیا اور صوفی ازم کو نصاب سے الگ کیا گیا جس کا نتیجہ انتہاء پسندی کی شکل میں نکلا، ہمیں اپنے طرز عمل سے ان تعلیمات کو عام کرنا ہے اور اس کلچر کے بگاڑ کو ختم کرنا ہے۔

تقریب سے درگاہ لعل شہباز قلندر کے سجادہ نشین سیّد مہدی رضا شاہ سبزواری نے خطاب میں کہا کہ برصغیر میں اسلام کی تعلیمات کو صوفیاء کرام نے عام کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوفی ازم سے دوری نے ہمارے معاشرہ کو انتہاء پسندی اور نفرت کے تحفے دیئے۔ انہوں نے بین المذاہب اور بین العقائد ہم آہنگی کے فروغ کیلئے صوفی ازم کی تعلیمات سے آئندہ نسل کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب سے ممتاز سکالر ڈاکٹر غضنفر مہدی نے اپنے خطاب میں صوفی کونسل کو فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور درگاہ لعل شہباز قلندر کی تحقیقات کیلئے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔ سینئر صحافی فوزیہ شاہد نے کہا کہ صوفیاء کرام نے قیام پاکستان سے قبل ہی امن، محبت، اخوت اور رواداری کا بیانیہ طے کر دیا تھا اور آج ہم سب کی بالخصوص درگاہوں کے متولیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بیانیہ کو عام کریں تاکہ ملک امن کا گہوارہ بنے اور دہشت گردی کے عفریت سے نجات مل سکے۔

کانفرنس سے سینئر صحافیوں اور صوفی ازم سے وابستہ سینئر سکالرز نے بھی خطاب کیا اور 25 ویں قومی صوفی ازم کانفرنس کے انعقاد پر شاہ عبدالطیف سوشل اینڈ کلچرل ایسوسی ایشن کی کاوشوں کی تعریف کی۔ شرکاء نے وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام نیشنل کونسل آف آرٹس میں پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری کے اعزاز میں منعقدہ ہولی کی تقریب کے انعقاد کو بھی خوش آئند قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :