کینیڈا میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ علاقائی اقتصادی رابطہ کا ذریعہ بنے گا،منصوبے سے مغربی اور وسطی ایشیاء میں موجود قوموں کی زندگی میں خوشحالی آئیگی ، نوجوان کسی ملک کی چھپی ہوئی طاقت ہیں، پاکستان کے پاس نوجوانوں کا قیمتی اثاثہ موجود ہے جو ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں، پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے،پاکستان کی بہتر معیشت کے حوالے سے عالمی اداروں نے بھی اعتراف کیا ، 2018تک پاکستان کی شرح نمو 8فیصد تک پہنچ جانے کی امید ہے،کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم کاتقریب سے خطاب

اتوار 26 مارچ 2017 13:20

اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) کینیڈا میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا،کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ علاقائی اقتصادی رابطہ کا ذریعہ بنے گا،منصوبے سے مغربی اور وسطی ایشیاء میں موجود قوموں کی زندگی میں خوشحالی آئے گی ،قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مارچ 1940میں سیاسی جدوجہد شروع کی گئی جس میں قوم کو متحد کرکے وسیع حکمت اور لازوال قربانیوں کے باعث پاکستان وجود میں آیا ۔

وہ اٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ 23مارچ کا دن ہمارے اس عزم کی تجدید کا دن ہے جس دن ہم نے عزم کیا تھا کہ ایسی مملکت قائم کی جائے گی جس میں انصاف اور مساوات پر مبنی اصولوں کے مطابق زندگی گزاری جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یوم پاکستان کی تقریب میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سمیت آزادی کی تحریک میں شامل رہنمائوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ مارچ 1940میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں سیاسی تحریک کا آغاز کیا گیا۔ قوم کے اتحاد اور لازوال قربانیوں کے باعث ایک علیحدہ مملکت خداداد قائم کی گئی۔پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان صرف ایٹمی طاقت ہی نہیں بلکہ خطے کے قیام امن میں کنجی کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اس زمین پر چھٹی بڑی آبادی والا ملک ہے جس میں 220ملین افراد بستے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا سے اس لئے بھی مختلف ہے کیونکہ اس کی آبادی میں 100ملین افراد کی اوسط عمر 25سال یا اس سے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوان کسی بھی ملک کی چھپی ہوئی طاقت ہوتے ہیں اور اسی طرح پاکستان کے پاس نوجوانوں کا قیمتی اثاثہ موجود ہے جو ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔پاکستانی ہائی کمشنر نے تقریب میں موجود شرکاء کو پاکستان کی معاشی اور سیاسی ترقی کے بارے میں بریف کیا جو گذشتہ سالوں میں کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے اور پاکستان کی بہتر معیشت کے حوالے سے عالمی اداروں نے بھی اعتراف کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 2018تک پاکستان کی شرح نمو 8فیصد تک پہنچ جانے کی امید ہے۔پاکستانی ہائی کمشنر نے بتایا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور علاقائی اقتصادی رابطے کا ذریعہ بنے گا اور اس سے مغربی اور وسطی ایشیاء کی قوموں میں خوشحالی آئے گی۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے کینیڈا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین سرمایہ کار پاکستان میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر خارجہ امور کے پارلیمانی سیکرٹری میٹ ڈیکورسے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات 70سال پرانے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ہم ان تعلقات کو مزید مستحکم کریں۔

انہوں نے کینیڈا کی ترقی میں پاکستانیوں کی محنت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر پاکستان کی سیاسی و معاشی ترقی پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔تقریب میں کینیڈین پارلیمنٹرینز،سرکاری حکام،سول سوسائٹی،صحافی،اوٹاوا ڈپولیمٹکس کراپس اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔…(خ م)