رانا مشہود کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد، ڈی سی لاہور سمیر احمد سید سمیت مختلف محکموں کے افسران کی شرکت

اتوار 26 مارچ 2017 16:10

لاہور۔26 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے گلشن راوی میں کھلی کچہری کے دوران اہل علاقہ کے مسائل سُنے اوران کے حل کے لئے موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران کواحکامات جاری کئے۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید، پولیس، ایل ڈی اے، واسا، واپڈا، سوئی گیس،لاہور ویسٹ مینجمنٹ، ریسکیو، ایجوکیشن اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں سمیت اہل علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے بھی ہدایات جاری کیں۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا مشہود نے کہا کہمیں خود آپ کے پاس آیا ہوںتاکہ ٓاپکے مسائل آپ کی دہلیز پر حل کر سکوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کی جانب سے بلاجواز تاخیر کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کے متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق ان کو ان کا جائز حق ملے گا۔انہوںنے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ کی وجہ سے اہل علاقہ کو وقتی دشواری کا سامنا ہے منصوبے کی تکمیل سے انہیںایک باوقار ، سستی اور معیاری ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت لوڈ شیڈنگ کے جن پر قابو پا چکی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے لاہور کے ماتھے کا جھومر ہے ۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر لاہور کے ہمراہ گلشن راوی اتوار بازار کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اورپھلوں ، سبزیوں سمیت مختلف اشیائے خورونوش کے معیار اور قیمتوں سے متعلق سوالات کئے۔

رانا مشہود احمد خاں نے گلشن راوی اتوار بازار کے سیکورٹی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کومزیدبہتر کرنے اور روز مرہ کی معیاری اشیائے خورونوش کی مناسب داموں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔دریں اثناء صوبائی وزیر نے ڈی سی لاہور کے ہمراہ گورنمنٹ رانا عبدالرحیم میموریل ہسپتال کا بھی دورہ کیا ۔ رانا مشہود نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی اور سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اورہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔