شرجیل میمن شور مچا کر اپنی چوری اور کرپشن کونہیں چھپا سکتے، مریم اورنگزیب

چوہدری نثار پر سوال اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،شرجیل میمن جتنا شور مچا لیں وہ چوہدری نثار کے احتساب سے نہیں بچ سکتے انکو اپنی کرپشن کا جواب تو دینا ہو گا،وفاقی وزیر گزشتہ دور کی کرپشن کا گند صاف کر رہے ہیں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل

اتوار 26 مارچ 2017 17:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شرجیل میمن شور مچا کر اپنی چوری اور کرپشن کونہیں چھپا سکتے، چوہدری نثار پر سوال اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،شرجیل میمن جتنا شور مچا لیں وہ چوہدری نثار کے احتساب سے نہیں بچ سکتے انکو اپنی کرپشن کا جواب تو دینا ہو گا،وفاقی وزیر گزشتہ دور کی کرپشن کا گند صاف کر رہے ہیں۔

اتوار کو پیپلز پارٹی رہنما شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرپشن کرنے والے چوہدری نثار سے خوفزدہ ہیں، شرجیل میمن اپنی چوری اور کرپشن کو چھپانے کیلئے شور کیوں مچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار پاکستان کے وزیر داخلہ ہیں ان کی سچائی دیانت اور کردار پر سوال اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں ،شرجیل میمن شور مچا کر اپنی چوری اور کرپشن نہیں چھپا سکتے، شرجیل میمن صاحب قوم کو جواب دیں چوری اور کرپشن کیوں کی۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ چوہدری نثار پر پاکستانی قوم نے اعتماد کر کے وزیر داخلہ بنایا ہے، چوہدری نثار وہ نام ہے جو وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کر رہے ہیں اور گزشتہ دور کی کرپشن کا گند صاف کر رہے ہیں۔شرجیل میمن جتنا شور مچا لیں وہ چوہدری نثار کے احتساب سے نہیں بچ سکتے انکو اپنی کرپشن کا جواب تو دینا ہو گا، شور مچانے والے لوگوں کی لوٹی ہوئی دولت کا جواب دیں اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کریں۔ (رڈ) ……انٹرنیشنل ڈیسک……