پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ کو بھاشا ڈیم اور دیگر بڑے پروجیکٹس کیلئے بروئے کار لایا جائے گا

اتوار 26 مارچ 2017 17:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2017ء) آئندہ بجٹ میں بڑے ترقیاتی پروجیکٹس کو ڈالنے کیلئے حکومت نے پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ(پی ڈی ایف) کو بروئے کارلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بھاشا ڈیم جیسے پروجیکٹس کی تعمیر کو آگے بڑھایا جاسکے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ڈی ایف رقوم کو قومی خزانے کی20فیصد رقوم سے آپریشن کیا جائے گا جبکہ باقی ماندہ80فیصد کثیر الجہتی ڈونرز سے حاصل کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس پروگرام کے تحت عالمی بنک کا ادارہ آئی ایف سی ترقیاتی پروجیکٹس کی مالی معاونت کرے گا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن پاکستان میں اہم ترقیاتی منصوبوں کیلئے بھی1.2ارب ڈالرز دے گا۔دوسری جانب وزارت خزانہ نے پی ایس ڈی پی کیلئے وزارت منصوبہ بندی کو700ارب روپے دینے کا عندیہ دیا ہے۔جب اس حوالے سے وفاقی وزیر احسن اقبال کا مؤقف لیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پروجیکٹس کے تناظر میں یہ انتہائی تھوڑا بجٹ ہے اور ہم اس پر نظرثانی کیلئے ان سے بات کر رہے ہیں جبکہ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ کو آپریشنل کردیا جائے گا کیونکہ یہ پی ایس ڈی پی پروجیکٹس کو مالی تعاون فراہم کرے گا۔(ولی/ظاہر خان)