پاکستان اسٹیل فیبریکیٹنگ کمپنی کے ملازمین 9 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

اتوار 26 مارچ 2017 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) جوائنٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی آف پاکستان اسٹیل کے ایک وفد نے پاکستان اسٹیل فیبریکیٹنگ کمپنی کے ملازمین کی دعوت پر ایکشن کمیٹی کے کنوینر سید نعیم الحق کی قیادت میں کمپنی کا دورہ کیا۔اس موقع پر کمپنی کے ملازمین نے ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔یاد رہے کہ فیبریکیٹنگ کمپنی ، پاکستان اسٹیل کا ذیلی ادارہ ہے اور اسکی انتظامیہ سو فیصدی پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کی تعینات کردہ ہوتی ہے۔

یہ ادارہ پاکستان اسٹیل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ماتحت ہے ۔ لیکن اسکے باوجود ظلم یہ ہے کہ انکی تنخواہیں 9 ماہ سے ادا نہیں کی گئیں جبکہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی تنخواہیں 4 ماہ کی بقایا ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹیل کی جانب سے تعینات کردہ افسران اور فیبریکیٹنگ کمپنی میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والی خاتون فنانشل افسر کو تنخواہ ادا کردی جاتی ہے جبکہ ملازمین تنخواہ سے محروم رکھے جاتے ہیں ۔

ملازمین کی دیگر تمام قانونی سہولیات بھی عرصہ دراز سے بند ہیں ۔ فیبریکیٹنگ کمپنی کے ملازمین نے ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں سے درخواست کی کہ وہ انکی تنخواہوں کی ادائیگی اور ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے قانونی واجبات کے حصول کیلئے انکی مدد کریں۔ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں نے فیبریکیٹنگ کمپنی کے ملازمین کو یقین دہانی کروائی کے وہ اس کھلی نا انصافی کے خلاف آواز بلند کریں گے ۔

سید نعیم الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ترقی کے دعوے اس سرکاری ادارے کے ملازمین کی حالت زار سن کر ہوا ہوگئے ہیں ۔ فیبریکیٹنگ کمپنی اور پاکستان اسٹیل کے حالات وفاقی حکومت کے ترقی کے دعوئوں کی کھلی تردید کررہے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ پاکستان اسٹیل فیبریکیٹنگ کمپنی اور پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی تنخواہیں فوری ادا کی جائیں اور تمام ریٹائرڈ و وفات پانے والے ملازمین کو وجبات ادا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

متعلقہ عنوان :