پانامہ کیس کا فیصلہ جو بھی ہو دنیا بھر میں چور چور ہو گیا،حکمرانوں کی سانسیں اکھڑ چکیں صرف حکومتی اشتہارات میں زندہ ہیں ہماری 1122 کی نقل میں موٹرسائیکل ایمبولینس جیسے فلاپ ڈرامے کر رہے ہیں ،عوام کو بدحال کرنے والوں کو عوام نے دل سے نکال دیا

رہنماء مسلم لیگ ق چودھری پرویزالٰہی کا ملتان میں کنونشن سے خطاب

اتوار 26 مارچ 2017 20:30

لاہور/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے خلاف پانامہ کیس کا فیصلہ جو بھی آئے دنیا بھر میں چور چور ہو گیا ہے، حکمرانوں کی سانسیں اکھڑ چکی ہیں وہ صرف حکومتی اشتہارات میں زندہ ہیں، عوام کو بدحال کرنے والے غریب کسان اور مزدور دشمن حکمرانوں اور ن لیگ کو عوام نے دل سے نکال دیا ہے، ہماری ریسکیو 1122 سروس اور دیگر فلاحی منصوبوں کی نقل میں موٹرسائیکل ایمبولینس، موبائل ہسپتال اور دیگر فلاپ ڈرامے کرنے والوں کے دور میں سکولوں میں تعلیم، ہسپتالوں میں دوائی اور کہیں امن و امان نہیں۔

وہ اتوار کو وہ عباس پور ملتان میں عظیم الشان ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں کسانوں، مزدوروں، وکلا سمیت ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں کے علاوہ خواتین کی بہت بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور پرجوش نعرہ بازی کی۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملتان کے عوام نے میرا دل جیت لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آ رہی، دونوں بھائی پورے پنجاب کے فنڈز لاہور میں لگا کر کمیشن کھا رہے ہیں، انہیں لوگوں کی تکالیف اور مسائل کا احساس نہیں یہ صرف ہمدردی کے ڈرامے کر رہے ہیں، ایک بھائی ہسپتال ٹھیکے پر دے رہا ہے تو دوسرا بھائی ہیلتھ کارڈ کا ڈرامہ رچا رہا ہے، غریب آدمی ہیلتھ کارڈ لے کر کہاں جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے ہمارے 1122 کے مقابلہ میں موبائل ہسپتال بنائے اب وہ کہاں ہیں، موٹر سائیکل ایمبولینس پر مریض ہسپتال کیسے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دس ہزار سکول شہبازشریف نے بند کر دئیے اور دس ہزار سکول این جی اوز کو ٹھیکے پر دے رہے ہیں، بڑا بھائی پاکستان دشمن مودی کو خوش کرنے کیلئے بے چین ہے، جبکہ وہ ہماری سرحدوں پر گولہ باری کرا رہا ہے اور ہمارے جوانوں کو شہید کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ پوسٹیں ہم نے بنائی تھیں تاکہ جرائم میں کمی آئے، انہوں نے یہ منصوبہ رد کر دیا، موٹو گینگ سے چھوٹو گینگ تو کنٹرول نہیں ہوا، چھوٹو گینگ کو کنٹرول کرنے، سیلاب اور یہاں تک کہ کرکٹ میچ کیلئے فوج بلائی جاتی ہے سارے کام اگر فوج نے ہی کرنے ہیں تو انہوں نے کیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسان ہیں اور کسانوں کو ریکارڈ سہولتیں دیں، تونسہ بیراج کی توسیع کی گئی، ٹیل تک پانی فراہم کیا، چالیس چھوٹے ڈیم بنائے، ہزاروں ایکڑ زمین کو پانی دیا، بھکاری اور گونگے و بہرے بچوں کیلئے ادارے بنائے، ہم نے عام اور غریب آدمی کی بہتری کیلئے کام کیا، عوامی خوشحالی کا ہمارا دور ایک بار پھر آئے گا اور پہلے سے بھی زیادہ خدمت کریں گے۔

قبل ازیں کنونشن سے مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ، ملک مرید عباس بپی، سردار عارف گورمانی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ڈاکٹر افضل ایم پی اے، ملک جمشید بپی، چودھری احسان، چودھری طارق گجر، قاضی احسان الحق، مخدوم بابر، رانا اشرف، چودھری محمد الطاف، عامر سعید راں، اظہر خان، شمیم اختر، یاسمین خاکوانی، ریحانہ کوثر، ساجدہ پروین سمیت دیگر مسلم لیگی رہنما موجود تھے۔

چودھری پرویزالٰہی کا پنڈال میں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں، فضا چودھری پرویزالٰہی، چودھری شجاعت حسین اور مونس الٰہی کی حمایت میں نعروں سے گونجتی رہی۔ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا واحد سہارا، پرویزالٰہی ہمارا کا نعرہ بار بار لگایا گیا۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہم چودھری پرویزالٰہی کو نہیں بھلا سکتے جنہوں نے پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرنے کیلئے کام کیا۔

سب سے پہلے جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کا اعلان کیا، حکمرانوں نے عوام سے جھوٹ بولا اور الگ صوبہ کیلئے قراردادیں پاس کیں مگر اس کے بعد کوئی کارروائی نہیں کی، ہمارا بچہ بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہے اور وزیراعظم اربوں روپے کے نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹ رہے ہیں، عوام بھوکے مر رہے ہیں اور وزیراعظم سیر سپاٹے کر رہے ہیں۔ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ تعلیم صحت کی سہولتیں دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، میٹرو بس بعد کی بات ہے حکمران پہلے تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کریں، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو عوام کی کوئی پروا نہیں۔

ملک مرید عباس بپی، سردار عارف گورمانی نے چودھری پرویزالٰہی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم حکمرانوں سے یہ مطالبہ نہیں کرتے کہ ہمیں اپنی طرح سرمایہ دار بنائیں ہماری خواہش صرف اتنی ہے کہ ہر ایک کو عزت کی روٹی ملے وہ عزت جو چودھری پرویزالٰہی نے عوام کو دی۔