آصف علی زرداری 52-B کا خاتمہ نہ کرتے تو آج نواز شریف کی حکومت خود صدر ممنون حسین ہی ختم کردیتے، شرجیل انعام میمن

عوام سے سریے کے نام پر اربوں روپے چوری کرنے والوں کا احتساب کیا جائے گا، جلسہ عام سے خطاب

اتوار 26 مارچ 2017 22:00

آصف علی زرداری 52-B کا خاتمہ نہ کرتے تو آج نواز شریف کی حکومت خود صدر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) سابق وزیر اطلاعات و بلدیات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اگر سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری 52-B کا خاتمہ نہ کرتے تو آج میاں محمد نواز شریف کی حکومت خود صدر ممنون حسین ہی ختم کردیتے۔ ہم میاں محمد نواز شریف اور ان کے حواری وزراء کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہم ان کی چوری اور ڈکیتیوں کو نہیں چھوڑیں گے اور عوام سے سریے کے نام پر اربوں روپے چوری کرنے والوں کا احتساب کیا جائے گا۔

آئندہ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں ملک بھر میں کلین سوئپ کرے گی اور میاں نواز شریف، ان کے حواریوں اور مداریوں کی ضمانتیں بھی ضبط ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار سے بڑا منافق اس ملک میں کوئی اور نہیں ہے ۔ پرویز مشرف کے کیس کے دوران آئی جی آئی بنانے کے لئے پیسے دینے والوں کے خلاف ایف آئی اے سے تحقیقات کا اعلان کرنے والے چوہدری نثار عوام کو جواب دیں۔

حلقہ پی ایس 50 کے جیالوں اور ضلع حیدرآباد کے غیور عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ انہوں نے آج میرے حلقے میں آمد پر میرا نہ صرف عظیم الشان استقبال کیا ہے بلکہ تاریخی جلسہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے جیالے اپنے ایک ادنیٰ کارکن کو بھی اکیلا نہیں چھوڑتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو حیدرآباد میں اپنے حلقہ پی ایس 50 میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزراء امداد پتافی، ممتاز جاکھرانی، جام اکرام اللہ دھاریجو، پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامڑا، پیر امجد حسین شاہ جیلانی، حاجی بدرالدین احمد، صغیر احمد قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کراچی میں اپنی رہائشگاہ سے اتوار کی دوپہر روانہ ہوئے تو کراچی میں بھی ان کو شاندار طریقے سے رخصت کیا گیا۔

کراچی سے حیدرآباد میں سپر ہائی وے درجنوں مقامات پر جبکہ حیدرآباد بائی پاس پر ہزاروں کی تعداد میں موجود کارکنوں نے انکا شاندار استقبال کیا۔ پورے راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ میں موجود جیالوں نے شرجیل انعام میمن پر گل پاشی کی کئی مقامات پر شرجیل انعام میمن اور ان کے صاحبزادے راول میمن نے گاڑی سے اتر کر کارکنوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔

بعد ازاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج میری زندگی کا سب سے بڑا دن ہے کہ میں اپنے ملک اور بالخصوص اپنے حلقے کے لوگوں کے درمیان موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف جس طرح جھوٹے مقدمات، پروپگنڈے اور میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے میں اس کا مقابلہ اسی طرح کروں گا، جس طرح میرے قائدین نے کیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ میں آج اس ملک کی عوام اور میڈیا سے ایک سوال پوچھنا چاہتا ہوں کہ بتایا جائے کہ اس ملک کو ایٹمی اور میزائل کی قوت دینے والی پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف ہی کیوں سازشیں کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد جماعت ہے، جس نے نہ صرف اپنے قائدین کی قربانیاں دیں بلکہ ہم نے اس ملک کو ترقی کی راہ پر بھی گامزن کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے اپنے خطاب میں میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف، چوہدری نثار اور وفاقی وزراء کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی نے ایٹمی اور میزائل کی ٹیکنالوجی اس ملک کو دی لیکن موجودہ حکمرانوں نے صرف سریے اور روڈوں کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سے بڑا منافق شخص اس ملک میں کوئی نہیں ہے اور اگر وہ یہ سمجھتا ہے کہ وہ اس ملک میں اپنا کوئی قانون چلالے گا تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کا معاہدہ ہمارے شریک چیئرمین کا دیا ہوا ہے، جس کے بل بوتے پر آج نواز شریف اپنی حکومت کا راگ الاپ رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی سے پناہ، عدالتوں یا حکومتوں سے کوئی رعایت نہیں مانگ رہے ہیں ہم عدالتوں میں پانے خلاف مقدمات کا سامنا کریں گے اور انشاء اللہ سرخ رو ہوں گے۔ قبل ازیں دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں شرجیل انعام میمن کی بہادری اور ان کی ملک میں واپسی پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آج پورے صوبے اور ملک کی عوام ان کے ساتھ ہے۔