سعودی عرب میں مقیم ہر کشمیری اور پاکستانی تحریک آزادی کشمیر کا سفیر بن کر مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرے ،ْعبد الرشید ترابی

پیر 27 مارچ 2017 16:10

قسیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون سازاسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم ہر کشمیری اور پاکستانی تحریک آزادی کشمیر کا سفیر بن کر مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرے،مدینہ منورہ کے بعد پاکستان اسلامی دنیا کی واحد مملکت ہے جو نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آئی ہے نظریے کی بنیاد پر وجود میں آنے والی مملکت کا ستحکام اور تحفظ بھی نظریہ کے استحکام میں مضمر ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے دانش وروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک تمام تارکین وطن سیاسی جماعتوں سے بالاتر ہو کر کشمیر یوں کی پشتیبانی کریں ،جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی اور کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کررہی ہے دنیا کے سارے نظام فیل ہوچکے ہیں اسلام کا نظام حیات ہی انسانیت کی اجتماعی اور انفرادی ضرورتیں پوری کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر محاذ پر اپنی خدمات سرانجام دے رہی آزاد کشمیر کے قدرتی وسائل برائو کار لائے جائیں تو ہمیں بیرون ملک روزگار کی غرض سے آنے کی ضرورت نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی ہمارا مشن ہے ۔