مقبوضہ کشمیر، بڈگام پورہ پلوامہ میں بھارتی فوجیوں اور مجاہدین کے درمیان جھڑپیں ، 2 مجاہدین شہید ، ایک بھارتی فوجی زخمی

واقعے کیخلاف علاقے میں بڑی تعداد میں نوجوانوں کے مظاہرے ، متعدد مظاہرین گرفتار

پیر 27 مارچ 2017 16:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام پورہ پلوامہ میں بھارتی فوجیوں اور مجاہدین کے درمیان جھڑپوں میں دو مجاہدین شہید جبکہ ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیا ۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ایس پی وید نے بتایا کہ تین مجاہدین نے ایڈیشنل ایس پی اسکارڈ پر بڈگام پورہ کے نزدیک حملہ کیا جس پر بھارتی فوجیں نے بھی جوابی کارروائی کی ۔

(جاری ہے)

جھڑپ میں دو مجاہدین شہید اور ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیا۔ دریں اثناء اونتی پورہ میں اس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب بڑی تعداد میں نوجوانوں نے پولیس تھانہ کے نزدیک احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ واقعے کے فوراً بعد جنوبی ضلع پلوامہ میں تازہ کشیدگی کی لہر دوڑ گئی ۔ مظاہرین شہید ہونے والے مجاہدین کی نعشوں کی واپسی کا مطالبہ کر رہے تھے اس موقع پر بھارتی فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ۔