سی پیک منصوبہ پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار علی ملک کا اسلام آباد چیمبر میں تاجر برادری سے خطاب

پیر 27 مارچ 2017 17:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے، تاجر برادری اس منصوبے سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر زیادہ توجہ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں ٹرانسپورٹ، توانائی اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوں گے لہذا مقامی صنعتکاروں کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے اور اپنی ٹیکنالوجی و مشینری کو اب گریڈ کرے تا کہ وہ اس منصوبے میں چین کے ہم منصبوں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ تاجر برادری بیرونی ممالک میں ایکسپورٹ سنٹرز اور ویئر ہائوسز قائم کرنے کی کوشش کرے جس سے پاکستان کی برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سماجی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے تا کہ وہ پاکستان کی سماجی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکے۔ انہوںنے کہا کہ جلد ہی چھوٹے تاجروں کا ایک آل پاکستان سمال ٹریڈرز کنونشن منعقد کیا جائے گا تا کہ ان کے مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کر کے انہیں متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل کرانے کی کوشش کی جائے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے کہا کہ افتخار علی ملک نے اپنی ساری زندگی تاجر برادری کی خدمت کیلئے وقف کر رکھی ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جبکہ اس کے پاس کثیر افرادی قوت موجود ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سارک خطے میں علاقائی تجارت کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر نجی شعبے کو سارک ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی کوششوں میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے جس سے خطے میں خوشحالی آئے گی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر ایوب نے ملک کی تاجر برادری کیلئے افتخار علی ملک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علاقائی تجارت کو فروغ دینے کی کوششوں میں سارک چیمبر آف کامرس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

فیڈریشن کے سابق صدر زبیر احمد ملک، میاں اکرم فرید، طارق صادق اور فیڈریشن کے چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین سمیت دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بزنس کمیونٹی کیلئے افتخار علی ملک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔