فوجی عدالتوں کا قیام نواز زرداری مک مکا اور ایک دوسرے کو تحفظ دینے کیلئے ہے، توہین رسالت ؐ کے مجرموں اور مالی دہشت گردوں کے خلاف بھی فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں، مولانا فضل الرحمن مذہب کے نام پر مال کما رہے ہیں

عوا می راج پارٹی کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی ملتان میں پریس کانفرنس

پیر 27 مارچ 2017 17:28

فوجی عدالتوں کا قیام نواز زرداری مک مکا اور ایک دوسرے کو تحفظ دینے کیلئے ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مارچ2017ء) عوا می راج پارٹی کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کا قیام نواز زرداری مک مکا اور ایک دوسرے کو تحفظ دینے کے لئے ہے، میں فوجی عدالتوں کے خلاف نہیں لیکن دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے ساتھ ساتھ توہین رسالت ؐ کے مجرموں اور مالی دہشت گردوں کے خلاف بھی فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں۔

پاکستان کی عدلیہ پر بہت سے سوالات اٹھ رہے ہیں عدلیہ ٹھیک ہو تی تو حالات بہتر ہو تے۔ مولانا فضل الرحمن مذہب کے نام پر مال کما رہے ہیں۔ پاک فوج وضاحت کرے کہ نواز شریف کس طرح کہہ رہے ہیں کہ فوج میرے ساتھ ہے اور پانامہ کا فیصلہ میرے حق میں آئے گا۔ اگر ملتان میں جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کروں گا ۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے حوالے سے حکمرانوں نے لائسنس فروخت کئے ۔

پیپلز پارٹی میں تھا تو تب بھی کرپشن کے خلاف آواز اٹھا تا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر عوامی راج پارٹی میڈیکل ونگ کے صدر ڈاکٹر عمر جاوید بھی ہمراہ تھے ۔جمشید دستی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے واقعات انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہیں پاک فوج ہماری سپر آرمی اسلامی ایٹمی قوت اور بہادری کے ساتھ خوبصورت انداز میں ذمہ داریاں نبھا رہی ہے اور ٹیکنالوجی اور بہادری کی بنیاد پر دشمن کا مقابلہ بھی کر رہی ہے لیکن فوج سمیت ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیئے انہوں نے کہا کہ میں فوجی عدالتوں کے خلاف نہیں ہو ں لیکن مجھے حکومت سے شکوہ ہے کہ پہلے تو مجھے فوجی عدالتون کے قیام کی مشاورت میں شامل نہیں کیا گیا اور دوسری طرف جب میں نے فوجی عدالتوں کے حوالے سے آئینی ترامیم پیش کیں تو انہیں بھی مسترد کر دیا گیا انہوں نے پریس کانفرنس میں آئینی ترامیم کاپیاں پیش کیں اور کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کے مسودہ کی شق دو کی پہلی وضاحت کے بعد نئی وضاحت شامل کی جائے کہ توہین رسالت ؐ کے تمام مقدمات ملکی سلامتی کو پامال کرنے اور مالی دہشت گردی کے خلاف بھی فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں کیونکہ پارلیمنٹ میں وہ لوگ موجود ہیں جو مالی دہشت گرد ہیں اور لوٹ مار میں ملوث ہیں اسی وجہ سے پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کی حمایت کی ہے کہ زرداری اور نواز شریف دونوں کرپٹ ہیں اور ایک دوسرے کو تحفظ دینا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ کبھی آمریت اور کبھی جمہوری ڈاکوئوں کے ہاتھوں بکتی رہی ہے جس کی وجہ سے آج پاکستان میں کرپشن کا راج ہے اور اس میں پاکستان کی عدلیہ برابر کی شریک ہے انہوں نے کہا کہ پانامہ کے فیصلے کے حوالے سے اگرچہ ججز میں اختلاف پایا جا تا ہے جس کی وجہ سے فیصلے میں تاخیر ہو رہی ہے عدلیہ کو چاہیئے کہ فیصلے میں تاخیر نہ کرے جمشید دستی نے مزید کہا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ قوم کے سامنے پیش کی جائے اور اس کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اس بات کا جواب دیں کہ یہ تاثر کیوں پیدا ہو رہا ہے کہ آصف زرداری اورشرجیل میمن کی وطن واپسی میں فوج کے ساتھ کوئی پس پردہ ڈیل شامل ہے آئی ایس پی آر قوم کے سامنے یہ وضاحت کرے کہ کوئی خفیہ ڈیل شامل ہو ئی ہے یا نہیں یہ بھی وضاحت کی جائے کہ جنرل راحیل شریف کے دور میں بھاگنے والے چور لٹیرے اب کیوں واپس آرہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر اییٹ آباد کمیشن کی رپورٹ سامنے آجاتی تو حسین حقانی کو ظاہر افشانی نہ کرنا پڑتی انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن مذہب کے نام پر مال کمارہے ہیں اگر ایسا نہیں ہے تو پھر انہیں نواز شریف کا ساتھ چھوڑ دینا چاہیئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دہشت گردی کے واقعات میں خود ملوث ہے کیو نکہ وہ خود جلسے کر رہے ہیں لاہور میں کرکٹ جوا کرایا گیا لیکن ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ اگر مجھے ملتان میں جلسہ کرنے کی اجازت نہ دی گئی تو میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے احتجاج پر مجبور ہو جائوں گا انہوں نے کہا کہ حکومت توہین رسالت ؐ کی ذمہ دار ہے کیونکہ سوشل میڈیا امریکہ کے کنٹرول میں ہے حکمرانوں نے سوشل میڈیا کو لائسنس فروخت کئے ہیں حکومت سوشل میڈیا پر پابندی لگائے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں تھا تو کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی چیئرمین سینیٹ رضاربانی کی پوری پارٹی کرپٹ ہے اسی لئے وہ حکمرانوں کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے پیپلز پارٹی میں رہتے ہو ئے کالا باغ ڈیم کی حمایت کی ، گیلانی کی کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی اور پیپلز پارٹی کی حکومت کے دور میں مجھے 9شوکاز نوٹس موصول ہو ئے لیکن میں نے کل بھی حق کی آواز بلند کی اور آج بھی کر رہا ہوں اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا ۔